ہارورڈ یونیورسٹی نے 70 سال پرانا انٹری ٹیسٹ ختم کر دیا

  • March 12, 2017 1:53 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

ہارورڈ لاء سکول نے آئندہ سال داخلوں کے لیے ایل سیٹ یعنی لاء سکول ایڈمیشن ٹیسٹ ختم کر دیا ہے اور اُمیدواروں کو جی آر ای ٹیسٹ کی بنیاد پر بھی داخلہ دینے کی نئی پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔

لاء سکول ایڈمیشن ٹیسٹ سال میں چار بار منعقد کیا جاتا ہے جس میں سالانہ ایک لاکھ اُمیدوار شرکت کرتے ہیں جو امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں قابل قبول ہے۔ اس ٹیسٹ کی فیس 180 امریکی ڈالرز مختص ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی نے یہ فیصلہ بین الاقوامی طلباء کی تعداد بڑھانے کے لیے کیا ہے۔ لاء سکول کی ڈین مارتھا مائنو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ ہم لاء سکول میں داخلہ کیلئے بیرئیرز ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت طالبعلموں کو داخلہ دیا جاسکے۔

مارتھا مائنو کے مطابق اس فیصلے سے غریب طلباء کو بھی داخلہ لینے میں آسانی ہوگی۔ ہاروڈ لاء سکول نے اس پالیسی کے اعلان سے پہلے داخلوں کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کا بھی جائزہ لیا جس میں اُمیدواروں نے ایل سیٹ اور جی آر ای کے نتائج جمع کرائے تھے۔

مارتھا مائنو کے مطابق لاء سکول امریکن بار ایسوسی ایشن کے ساتھ بھی بات چیت کر رہا ہے کہ کیسے لاء میں داخلوں کے معیار کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

اس سے پہلے اریزونا یونیورسٹی کے لاء سکول نے بھی ایل سیٹ کی پاپندی ختم کر دی تھی۔ امریکن بار ایسوسی ایشن کے الحاق شدہ صرف ان دو یونیورسٹیز نے یہ پاپندی ختم کی ہے جبکہ امریکہ کے دیگر 100 سے زائد لاء سکول میں اس ٹیسٹ کی شرط عائد ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *