پٹواری کا بیٹا ہرگوبند کھرانہ: دو ملکوں کا نوبیل لاریٹ
- January 10, 2020 1:47 pm PST
آمنہ مسعود
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے اولڈ راوین ہرگوبند کھرانہ کی سائنسی خدمات کے اعتراف میں ریسرچ چیئر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے اور گورنمنٹ کالج کی 155 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہرگوبند کھرانہ کی یوم پیدائش (9 جنوری ) پر کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی نے شرکت کی.
ہرگوبند کھرانہ نوبیل انعامہ یافتہ ہیں، انھیں جب یہ انعام دیا گیا اُس وقت ان کے پاس امریکی شہریت تھی تاہم انھوں نے اپنی ایم اے تک کی تعلیم لاہور میں حاصل کی تھی. اس طرح امریکا اور پاکستان انھیں اپنے اپنے ملک کا نوبیل لاریٹ تسلیم کرتے ہیں.
برعظیم کے قدیم ترین شہر ملتان میں پیدا ہونے والا ہرگوبند کھرانہ سائنس کی سرحدوں کا بین الاقوامی آئیکون ہے، وہ کیمیائی حیاتیات کے ابتدائی ماہرین میں سے ایک تھا. کھرانہ کے سائنسی علم سے جینیاتی کوڈ کو واضح کرنے میں مدد ملی تھی. ہرگوبند کھرانہ نے پہلی بار مصنوعی جین کو جمع کیا اور اس کے ذریعے جینیاتی نمونہ بنایا جسے بائیو برک کے طور پر جانا جاتا ہے.
یوں کھرانہ نے مصنوعی جینوم اور مصنوعی حیاتیات کی بنیاد رکھی. انھوں نے جس مصنوعی جینوں کے طول و عرض کو بیان کیا تھا اس پر پندرہ سال بعد پیش رفت ہوئی جس سے اب ڈی این اے کی ساخت کی کیمیائی لیب میں جانچ پڑتال کی جاتی ہے. اس سائنسی کام پر انھیں 1968ء میں نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا.
کھرانہ نے 1971ء میں امریکہ کی نام ور یونیورسٹی ایم آئی ٹی میں تعینات ہونے کے بعد 2007ء تک ریٹائرمنٹ تک اپنا سائنسی کام جاری رکھا. کئی نسلوں سے سائنسدان گوبند کھرانہ کے کام کی دانشورانہ حیثیت کو تسلیم کیے ہوئے ہیں.
1922ء میں پٹواری گنپت رائے کھرانہ کے گھر پیدا ہونے والے ہرگوبند کھرانہ نے ملتان میں سو خاندانوں کے ایک چھوٹے سے گاؤں رائے پور میں درخت کے نیچے اپنی تعلیم شروع کی. انھوں دیوانند آریا سماج ہائی سکول ملتان (مسلم ہائی سکول ملتان) میں پرائمری تک تعلیم حاصل کی.
ہرگوبند کھرانہ نے 1940ء میں گورنمنٹ کالج لاہور میں انٹرمیڈیٹ میں داخلہ لیا اس کے بعد 1943ء میں پنجاب یونیورسٹی سے بی اے اور 1945ء میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی. 1945ء میں یونیورسٹی کی سلیکشن کمیٹی نے انھیں rare fellowship سے نوازا جس کے تحت وہ برطانیہ کی لیور پول یونیورسٹی میں نامیاتی کیمیاء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کرنے چلے گئے.
پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد وہ 1952ء میں یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا وین کوور چلے گئے. اس کے بعد وہ یونیورسٹی آف ویسکنوسن انسٹیٹیوٹ آف اینزائم ریسرچ میں ڈائیریکٹر کے عہدے پر تعینات ہوئے. 1966ء میں انھیں امریکی شہریت دی گئی اور انھوں نے اپنی ساری زندگی امریکا میں ہی گزاری.
9 نومبر 2011ء میں وہ میساچیوسسٹ، امریکہ میں انتقال کر گئے.