غیر قانونی داخلے: پی ایم ڈی سی کی میڈیکل کالجوں کو آخری وارننگ
- May 26, 2019 11:33 am PST

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اپنی مقررکردہ نشستوں کی تعداد سے زیادہ طلباء کو داخلے دے رہے ہیں، نشستوں سے زائد ہونے والے داخلوں کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا.
پی ایم ڈی سی نے واضح کر دیا ہے کہ ایسے داخلے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس ایڈمیشن، ہائوس جاب اور انٹرن شپ ریگولیشنز 2018ء اور پی ایم ڈی سی آرڈیننس زیر دفعہ سیکشن 6 الف کی خلاف ورزی ہے.
پی ایم ڈی سی نے کالجوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مختص نشستوں کی تعداد سے تجاوز نہ کیا جائے، زائد نشستوں پر ہونے والے داخلوں پر طلباء کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی جبکہ تمام کوٹہ اور دیگر کیسز کو کونسل کی طرف سے مختص نشستوں کو سالانہ داخلے کی بنیاد پر تسلیم اور ایڈجسٹ کیا جائے گا.
پی ایم ڈی سی اپنے قوانین کے تحت کالجوں کے خلاف ایسے داخلے کرنے پر سخت کارروائی عمل میںلائے گا.
پی ایم ڈی سی نے والدین اور طلباء کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کسی بھی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ لینے سے قبل کونسل کی ویب سائیٹ سے تفصیلات حاصل کر لیں.