وائس چانسلرز تقرری کا اختیار ایچ ای سی سپرد کرنے کا بل جمع
- May 6, 2023 4:12 pm PST

اسلام آباد: عبد الجبار
پاکستان کی سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز تعینات کرنے کا اختیار ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کو سپرد کرنے کے لیے قانونی بل کا مسودہ قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ جمع کرا دیا گیا ہے
مسلم لیگ ن کے تین ایم این ایز نے قومی اسمبلی کے ذریعے پرائیویٹ ممبر بل کی صورت میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن آف پاکستان کے ایکٹ میں تبدیلی کا بل قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا ہے۔
اس بل کی منظوری کی صورت میں صوبائی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے انتخاب کا اختیار صوبائی حکومتوں سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کو منتقل ہو جائے گا جبکہ نئی قائم ہونے والی سرکاری و نجی جامعات کی واحد اور مکمل ریگولیٹری اتھارٹی وفاقی ایچ ای سی ہوگی۔
پرائیویٹ بل اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر ثمینہ مطلوب اور زہرا ودود فاطمی کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرایا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں جمع کرائے بل کی کاپی تعلیمی زاویہ نے حاصل کر لی ہے، مجوزہ مسودے کے مطابق صوبائی حکومت کی درخواست پر ایچ ای سی وائس چانسلرز تقرری کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دے گی اور اس کمیٹی کا سربراہ چیئرمین ایچ ای سی مقرر ہوگا۔
ایچ ای سی ایکٹ 2002 کے سیکشن 4 میں مجوزہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کی واحد ریگولیٹری اتھارٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن ہوگا، جبکہ دوسری جانب وزارت تعلیم نے بھی ایچ ای سی ترمیمی بل تیار کر لیا ہے جس کا جائزہ لینے کے لیے دو اجلاس بھی منعقد ہو چکے ہیں۔