پنجاب میں آئی ٹی یونیورسٹی کا واٹر اے ٹی ایم لگانے کا منصوبہ
- June 9, 2017 10:16 pm PST
لاہور
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور امریکہ کی یونیورسٹی آف کولوراڈو باؤلڈر کے ساتھ اشتراک سے واٹر اے ٹی ایم مشین کے پراجیکٹ پر کام کرے گی۔ اس پراجیکٹ پر 3 لاکھ 74 ہزار 599 امریکی ڈالرز خرچ ہوں گے۔
یہ منصوبہ پاکستان یونائیٹڈ اسٹیٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوآپریشن کے تحت کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت پنجاب میں واٹر اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی جس کے ذریعے سے شہریوں کو صاف معیاری پانی مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس پراجیکٹ پر آئی ٹی یونیورسٹی کے ڈاکٹر توقیر توصیف اور مصطفیٰ نسیم مل کر کام کریں گے۔ جبکہ منصوبے کی نگرانی امریکہ کی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کرے گا۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی مانیٹرنگ میں مسائل ہونے کی بناء پر شہریوں کی جانب سے یہ شکایات کی جاتی ہیں کہ پانی صاف نہیں ملتا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو اس وقت شدید پانی کی قلت کا سامنا ہےاور زیر زمین پانی کی سطح ایک ہزار کیوبک میٹر گہرائی تک پہنچ چکی ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔
واٹر اے ٹی ایم مشین الیکڑانک سسٹم کے ذریعے سے کنٹرول کی جائے گی اور اس مشین کے ذریعے سے پانی کی کوالٹی کا بھی اندازہ لگایا جاسکے گا جو کہ مشین میں ہی دیکھا جاسکے گا جبکہ مشین کی خرابی کو بھی آن لائن مانیٹر کیا جائے گا۔