امریکہ: یونیورسٹی آف فینکس کو خسارہ، 20 کیمپس بند کر دیے گئے
- September 27, 2017 8:00 pm PST
ویب ڈیسک
امریکہ کی معروف ترین یونیورسٹی آف فینکس کے مختلف ریاستوں میں موجود 20 کیمپسز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف فینکس کی انتظامیہ نے کیمپسز بند کر کے اب صرف آن لائن سسٹم کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور مزید نئے داخلوں بند کر دیے ہیں۔ یہ یونیورسٹی آپولو ایجوکیشن گروپ کے تحت چلائی جارہی ہے۔
آپولو ایجوکیشن گروپ کے سی ای او گریگری کیپیلی نے یونیورسٹی کے صدر پیٹر کوہن کو اس حوالے سے ابتدائی طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
یونیورسٹی نے اپنی ای میل میں کہا ہے کہ پہلے سے زیر تعلیم طلباء کے لیے تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور اس حوالے سے طلباء کو آن لائن یا پھر کیمپس میں پڑھنے کی آپشن دی گئی ہے۔
یونیورسٹی کو بند کرنے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جارہی ہے کہ اس میں زیر تعلیم طلباء کی تعداد میں مسلسل کمی ہورہی تھی۔ دو ہزار سولہ میں یہ تعداد کم ہو کر ایک لاکھ اُنتالیس ہزار ہوگئی تھی۔
اس ای میل میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ تمام کیمپسز چند مہینوں میں مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے تاہم اس کا حتمی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔
ایجوکیشن ڈائیو کی رپورٹ کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کے تمام ملازمین اور اساتذہ کو بھی ملازمتوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔
رواں سال فروری کے مہینے میں اپالو ایجوکیشن گروپ کو نسداک سے اُس وقت نکال لیا گیا تھا جب کمپنی نے نجی سرمایہ کاروں کو ایک ارب دس کروڑ ڈالرز میں فروخت کرنے کی بات کی تھی۔
یہ کمپنی گزشتہ چند سالوں سے متنازعہ ہے جس پر فیڈرل ٹریڈ کمیشن نے اپنی انکوائری بھی مکمل کی تھی۔ دو ہزار بارہ میں یونیورسٹی آف فینکس نے امریکہ بھر میں اپنے ایک سو کے قریب ایسے کیمپسز بند کر دیے تھے جہاں آن لائن ڈگریاں دی جارہی تھیں جبکہ اس دوران آٹھ سو ملازمین بے روزگار ہوئے تھے۔ یہ فیصلہ بھی کمپنی کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔