یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیاء: وائس پریذیڈنٹ،پروفیسرز،افسران کی بھرتیاں
- July 19, 2017 11:05 am PST
اسلام آباد
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیاء اینڈ پاکستان کے لیے وائس پریذیڈنٹ، ڈین اور پروفیسرز کے عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کر لیں، وائس پریذیڈنٹ کی تنخواہ پندرہ لاکھ نوے ہزار اور ڈین کی تنخواہ پندرہ لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیاء اینڈ پاکستان بنانے کے فیصلے کے بعد اب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیاء میں سوشل سائنسز، ہیومینیٹیز، لبرل آرٹس، لاء، سائنس ایںڈ انجینئرنگ پروگرامز کرائے جائیں گے۔ یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیاء میں سب سے پہلے سکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ قائم کیا جائے گا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹی کے وائس پریذیڈنٹ، ڈینز اور پروفیسرز کے لیے درخواستیں مانگ لیں ہیں۔
اس نئی یونیورسٹی کے وائس پریذیڈنٹ کیلئے 15 لاکھ 90 ہزار روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے اور ڈین سکول آف بزنس اینڈ لیڈر شپ کی ماہانہ تنخواہ 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ یونیورسٹی میں تعینات ہونے والے پروفیسر کی تنخواہ 13 لاکھ 80 ہزار روپے، ایسوسی ایٹ پروفیسر کی تنخواہ 10 لاکھ 60 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ یونیورسٹی آف سنٹرل ایشیاء میں اسسٹنٹ پروفیسر کی تنخواہ 5 لاکھ 30 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق پروفیسر کیلئے پوسٹ پی ایچ ڈی 10 سالہ تجربہ اور 15 ریسرچ پیپرز کی شرط عائد کی گئی ہے جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر کیلئے پوسٹ پی ایچ ڈی 5 سالہ تجربہ اور 10 ریسرچ پیپرز کی شرط عائد کی گئی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کی ہے۔
یونیورسٹی کے انتظامی عہدوں پر بھی بھرتیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر فنانس (تنخواہ 5 لاکھ روپے)، رجسٹرار اینڈ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن (تنخواہ 5 لاکھ روپے)، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیومن ریسورس مینجمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ کیمونیکیشن،ڈپٹی ڈائریکٹر فنڈ ریزنگ اینڈ لنکجز (تںخواہ دو لاکھ روپے) اور اسسٹنٹ مینجر مارکیٹنگ (تنخواہ 80 ہزار روپے) کے عہدوں پر بھرتیاں کی جارہی ہیں۔ انتطامی عہدوں پر بھرتیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ سات اگست مقرر کی گئی ہے۔
اُمیدوار ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر مذکورہ عہدوں کے لیے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ اس یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس اسلام آباد میں بنایا جائے گا۔