یو ای ٹی: ڈین ڈاکٹر غلام عباس کی جعلی ڈگری منسوخ، انکوائری شروع
- March 23, 2017 3:47 pm PST
لاہور/سٹاف رپورٹر
پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نےیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈین آف آرکیٹکیچر انجینئرنگ ڈاکٹر غلام عباس انجم کی ایم ایس سی کی ڈگری منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں اور وائس چانسلر یوای ٹی ڈاکٹر فضل احمد خالد سےدو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق ڈاکٹر غلام عباس کی ڈگری کی تحقیقات کرنے کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری اکیڈمک محمد شعیب انور انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا یہ مراسلہ سیکشن آفیسر آڈٹ برانچ سید حسن عباس اختر کے دستخطوں سے جاری کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر کے نام جاری اس مراسلہ میں ڈاکٹر غلام عباس کی ایم ایس سی کی مارکس شیٹ سمیت امتحانی دستاویزات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا جس میں نتائج کو تبدیل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے کا نوٹس ڈین آف الیکٹریکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سہیل آفتاب قریشی کی طرف سے کی گئی شکایت پر لیا ہے ۔ جنہوں نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے نام ڈاکٹر غلام عباس انجم کی جعلی ڈگری سے متعلق دستاویزات مکمل ثبوتوں کے ساتھ ارسال کیے تھے ۔
ڈاکٹر سہیل آفتاب کی درخواست کے مطابق سٹی اینڈریجنل پلاننگ کے چیئرمین کی درخواست پر اس انکوائری کا آغاز ہوا تھا، اس بنیاد پر ہونے والی تحقیق کے نتیجے میں کنٹرولر امتحانات کے دفتر نے ڈاکٹرغلام عباس انجم کوایم ایس سی سٹی اینڈ ریجنل پلانننگ کے ایک مضمون ایڈوانس پلاننگ ٹیکنیک میں فیل ڈکلیئر کیا تھا، رزلٹ شیٹ کے مطابق مطابق غلام عباس نے مذکورہ مضمون میں کل نمبر 100 میں سے48 نمبر حاصل کیے۔
تاہم فیل شدہ رزلٹ کارڈ کو بعد میں معاون کنڑولر پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر سید محسن علی شاہ نے جعل سازی کرکے 48 نمبر ز کو58 میں تبدیل کردیا اور کنٹرولر آفس سے بالا بالا محسن علی شاہ کے سنگل ستخطوں سے غلام عباس انجم کے حق میں نو ٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔
تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق تبدیل شدہ رزلٹ پر کنٹرولر کے دستخط بھی موجود نہیں ہیں۔ کنٹرولر امتحانات نے ابتدائی انکوائر ی کے بعد اپنی سفارش میں قراردیا تھا کہ غلام عباس انجم کا رزلٹ کینسل کیا جائے، تاہم یونیورسٹی وائس چانسلر نے اس رپورٹ پر عمل درآمد نہیں کیا۔
غلام عباس انجم اس جعلی ڈگری کی بنیاد پر پہلے یونیورسٹی میں لیکچرر منتخب ہوئے اور بعد میں اسی ڈگری کی بنیاد پر پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ وہ اب یو ای ٹی میں پروفیسر کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد سینئر ڈین کے عہدے پر بھی تعینات ہیں جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد کی عدم موجودگی میں اُنہیں قائمقام وائس چانسلر کے عہدے پر بھی تعینات کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر غلام عباس ممبر سینڈیکٹ کے علاوہ ڈائرکٹر سٹڈیز،، ڈائرکٹر ایس یو پاک، چیئرمین آسٹیرٹی کمیٹی، قائمقام چیئرمین آرکیٹیچرڈیپارٹمنٹ کے عہدوں پر فائز ہیں علاوہ ازیں انہیں سینئر ڈین کی بنیاد پر وی سی کی عدم موجودگی میں قائمقام وائس چانسلر بھی بنا یا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر غلام عباس سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب جی ایم سکندر کے ہم زلف ہیں اور وہ اس تعلق کی بنیاد پر جعلی دگری کیس کو ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔