تنظیم اساتذہ کا پختونخوا میں خواتین اساتذہ کی تقرریوں کیخلاف احتجاج

  • October 13, 2017 9:31 pm PST
taleemizavia single page

پشاور

تنظیم اساتذہ خیبر پختونخوانے پرائمری سطح پر مخلوط نظام تعلیم اور پرائمری سکولوں میں خالی آسامیوں پر خواتین اساتذہ کو بھرتی کرنے کے فیصلے کو صو بے کے مذہبی رجحانات کے خلاف اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قرار دیا ہے۔

تنظیم اساتذہ نے حکومت کے خلاف سولہ اکتوبر سے پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے اور یہ مظاہرے صوبے بھر میں بائیس اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

یہ اعلان تنظیم اساتذہ پختونخوا چیپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت خیر اللہ حواری نے کی۔

اجلاس میں ڈاکٹر محمد ناصر عبید اللہ، شمشاد خان جھگڑا، میاں ضیاء الرحمن کے علاوہ تنظیم اساتذہ کے دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

خیر اللہ حواری کہتے ہیں کہ وہ خواتین کی تقرریوں کے خلاف نہیں ہیں تاہم خواتین کی تقرریاں صرف لڑکیوں کے پرائمری سکولوں میں کی جائیں اور جب تک حکومت اس پالیسی کو تبدیل نہیں کرے گی وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ تنظیم اساتذہ پاکستان جماعت اسلامی کے نظریات کی حامل جماعت ہے جس میں کالجوں کے اساتذہ شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *