سکول فیسوں میں رعایت دینے کا حکومتی حکم معطل
- April 17, 2020 9:22 pm PST
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے اسکول فیسوں میں رعایت دینے کا حکومتی حکم معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ سندھ نے حکومت سندھ کی جانب سے اسکول فیسوں میں رعایت دینے کے حکم کو معطل کرتے ہوئے صوبائی حکومت، محکمہ تعلیم اور دیگر کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں حکومت سندھ کی جانب سے دیے جانے والے حکمنامے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت سندھ نے اپریل اور مئی کی اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کا حکم دیا ہے۔
عدالت عالیہ سندھ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے اساتذہ اورعملے کو بھی پوری تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اسکول مالکان نے اپنی دائر درخواست میں کہا ہے کہ فیسوں میں رعایت دینے کے بعد اخراجات کو پورا کرنا ممکن نہیں ہے۔
ہم نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسکول فیسوں میں رعایت دینے کا فیصلہ کابینہ نے کیا یا کسی اور نے، یہ نہیں بتایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے فریقین کو سنے بغیر یکطرفہ طور پر حکمنامہ جاری کیا ہے۔
عدالت عالیہ سندھ نے صوبائی حکومت کو اس ضمن میں 22 اپریل تک جواب جمع کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
حکومت سندھ کی جانب سے درپیش صورتحال میں والدین اور طلبا و طالبات کو ریلیف دینے کے لیے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ تمام اسکول انتظامیہ فیسوں میں 20 فیصد کمی کرے۔
حکومت پنجاب اور اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے بھی تمام نجی اسکول مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں اپنی فیسوں میں 20 فیصد کمی کریں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تین دن قبل نجی اسکول مالکان کی جانب سے دائر کردہ درخواست مسترد کردی تھی۔