سندھ: محکمہ جامعات و تعلیمی بورڈز، کرایہ کی عمارت میں منتقل
- December 9, 2017 2:02 pm PST
کراچی: سید محمد عسکری
سندھ کے محکمہ جامعات وتعلیمی بورڈز کے افسران اورعملے کے لیے آئی آئی چندریگرروڈ پر واقع اسٹیٹ لائف کی عمارت کی پوری منزل کرائے پر حاصل کرنے کے لیے سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیج دی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری بورڈز وجامعات محمدحسین سید کی جا نب سے بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ محکمہ جامعات وتعلیمی بورڈز کے 123 ملازمین کے لیے منظوری دی جاچکی ہے جبکہ کلفٹن میں موجودہ عمارت میں اتنے افراد کے بیٹھنے کے لیے جگہ موجود نہیں ہے چنانچہ دفترکے لیےآئی آئی چندریگرروڈ پراسٹیٹ لائف کی عمارت کی ایک منزل خالی ہے جو مناسب کرائے پردستیاب ہے جس کا کرایہ ساڑھے 8 لاکھ روپے ماہانہ ہے۔
محکمہ جامعات وتعلیمی بورڈزاور سندھ ہائر ایجوکیشن کا دفترکلفٹن میں ضیاالدین اسپتال کے قریب ایک بنگلے میں واقع ہے جس میں افسران کے لیے جگہ کی شدید کمی ہے، اس وقت ایڈیشنل چیف سیکریٹری بورڈز وجامعات محمدحسین سید اور چند افسران ہی کے دفاتر ہیں لیکن اسٹیٹ لائف بلڈنگ میں منتقلی کی صورت میں سارے افسران وہاں منتقل ہوجائیں گے۔
کلفٹن کے دفتر میں صرف چیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین اورایڈیشنل چیف سیکریٹری بورڈز وجامعات محمدحسین سید کے دفاتر باقی رہ جائیں گے اور باقی جگہ وائس چانسلرز اور چیرمین بورڈز اور تلاش کمیٹی کے اجلاسوں کے لیے باقی رہ جائے گی۔