پنجاب یونیورسٹی نے ن لیگ کی سابق ایم پی اے شمائلہ رانا کو بلیک لسٹ کر دیا
- April 7, 2017 7:19 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی کی ڈسلپنری کمیٹی نے ن لیگ کی سابق ایم پی اے شمائلہ رانا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک سال کے لیے بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
شمائلہ رانا نے ایل ایل بی پارٹ ون کے امتحان میں اپنی جوابی کاپیوں پر اپنا ٹیلی فون نمبر، گھر کا پتہ اور عہدہ لکھا تھا اور ممتحن کورابط کرنے کی تلقین کی تھی جس پر پنجاب یونیورسٹی نے کارروائی کی۔
پنجاب یونیورسٹی کے تحت شمائلہ رانا نے رول نمبر 2417 کے تحت ایل ایل بی پارٹ ون کا امتحان دیا۔
پنجاب یونیورسٹی کی ڈسلپنری کمیٹی نے شمائلہ رانا کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا اور وہ اس کمیٹی کے سامنے اپنا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔ شمائلہ رانا کے خلاف ڈسلپنری کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اُنہیں ایک سال کے لیے بلیک لسٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
ن لیگ کی سابق ایم پی اے شمائلہ رانا نے ناجائز ذرائع نے ایل ایل بی پارٹ ون کا امتحان پاس کرنے کی کوشش کی جس پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔
دوسری جانب شمائلہ رانا نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو اپیل کی درخواست بھی دائر کی جسے ڈسلپنری کمیٹی نے مسترد کر دیا۔
شمائلہ رانا پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے 2008ء میں لاہور سے ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں اور 2013ء تک وہ بطور ایم پی اے کام کرتی رہیں۔