جنرل مشرف دور میں قائم شدہ یونیورسٹیوں کے قوانین تبدیل کرنے کا فیصلہ
- December 20, 2020 9:52 am PST
راولپنڈی: پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کے اہم ترین عہدوں پر یکساں قوانین نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس ضمن میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری منظوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے مطابق سرکاری یونیورسٹیوں میں رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں کیلئے نئے قوانین مرتب کیے گئے ہیں۔ نئے قوانین میں مذکورہ دونوں عہدوں کو 20 ویں گریڈ کے سرکاری آفیسرز کے برابر درجہ حاصل ہوگا۔
رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی مراعات بھی سرکاری آفیسر کے برابر متعین کر دی گئی ہیں۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں 2002ء کے بعد قائم کی گئی سرکاری یونیورسٹیوں میں رجسٹرار اور کنٹرولر کے یکساں قوانین لاگو ہوں گے۔
نئے قوانین میں رجسٹرار اور کنٹرولر کیلئے ایم اے ڈگری کے ساتھ 12 سالہ تجربہ، ایم فل ڈگری کے ساتھ 10 سالہ تجربہ کی شرط ہوگی جبکہ پی ایچ ڈی ڈگری کے ساتھ 8 کے تجربے کی شرط عائد ہوگی۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے نئے قوانین کے نفاذ کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری کے لیے سمری ارسال کر دی ہے یہ سمری دو ہفتے قبل وزیر اعلیٰ کو بھجوائی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سمری منظور ہونے کے بعد یونیورسٹیوں کے وضع کردہ قوانین کا خاتمہ ہوجائے گا۔