پنجاب کی پہلی “کلچرل پالیسی” کا ڈرافٹ فائنل، کابینہ میں پیش ہوگا

  • November 11, 2017 10:43 am PST
taleemizavia single page

لاہور

محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے پہلی فن و ثقافت پالیسی 2017ء کا حتمی ڈرافٹ پنجاب کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پالیسی ڈرافٹ میں پانچ نکات شامل کیے گئے ہیں۔

پانچ نکاتی کلچرل پالیسی فریم ورک میں ثقافت کی حکمرانی، امن کا فروغ یقینی بنانا، ثقافت کی بحالی کیلئے تقریبات کا انعقاد، شہریوں کی خصوصی طور پر نوجوان نسل کو ثقافتی سر گرمیوں میں شامل کرنے کے لیے اُبھارنا، پنجاب میں تخلیقی اور ثقافتی صنعتوں کے قیام کے لیے موافق ماحول بنانا اور ذرائع ابلاغ کا استعمال شامل ہے۔

سات مہینوں سے جاری اس منصوبہ کے ضمن میں ثقافت سے وابستہ فلمی و ادبی شخصیات اور تین سو اکہتر اراکان پنجاب اسمبلی سمیت چھ سو افراد کو بذریعہ ڈاک پالیسی ڈرافٹ بھیجا گیا اور تحریری رائے طلب کی گئی۔

حیران کن طور پر ایک بھی فرد نے کلچرل پالیسی میں کوئی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا اور نہ ہی اس سے متعلق کوئی تحریری رائے بھیجنے کی زحمت کی۔

منظوری سے قبل کسی بھی منفی رد عمل سے بچنے کے لیے محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے دو اجلاس منعقد کیے پہلے اجلاس کی صدارت ڈاکٹر صغریٰ صدف نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج اینڈ کلچر میں جبکہ دوسرے اجلاس کی صدارت الحمرا ہال مال روڈ پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن ریٹائرڈ عطاء محمد خان نے کی۔

اس ڈرافٹ پر آئندہ ہفتے پنجاب کی سطح پر اجلاس منعقد ہوگا جس میں ماہرین فنون لطیفہ کی آراء کو بھی شامل کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *