پنجاب یونیورسٹی: رجسٹرار، ایڈیشنل رجسٹرار اور آر او ون تبدیل
- January 31, 2017 10:31 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ رجسٹرار آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے رجسٹرار ڈاکٹر لیاقت علی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
وائس چانسلر نے ایڈیشنل رجسٹرار ٹو ملک ظہیر اور ریذیڈنٹ آفیسر ون ڈاکٹر ساجد رشید کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
عدالت کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی میں تعینات کیے گئے عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے یونیورسٹی ایکٹ کی شق پندرہ چار کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان افسران کو عہدوں سے ہٹایا ہے۔
عبوری وائس چانسلر نے ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز ڈاکٹر محمد نعیم خان کو رجسٹرار کے عہدے پر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ ڈاکٹر محمد نعیم خان اس سے قبل بھی 2010ء میں پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار رہ چکے ہیں۔
ڈاکٹر ظفر معین ناصر کے حکم پر غلام جیلانی کو ایڈیشنل رجسٹرار ٹو جبکہ عبد اللہ خان درانی کو ریذیڈنٹ آفیسر ون کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ عبوری وائس چانسلر کی جانب سے یہ احکامات رات گئے جاری کیے گئے۔
اس سے قبل پنجاب یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر کامران عابد کو بھی عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔مذکورہ افسران کو چھ مہینے کے لیے عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔