پی ایس ایل فائنل: لاہور کے پرائیویٹ سکولز دو روز کیلئے بند
- March 2, 2017 7:01 pm PST
لاہور
پاکستان ایجوکیشن کونسل کی جانب سے جاری بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان سپُر لیگ کے فائنل میچ اور لاہور کی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر شہر کے بڑے تعلیمی ادارے آئندہ دو روز کیلئے بند ہوں گے۔
لاہور میں بیکن ہاؤس، لاہور گرائمر سکول، امریکن لائسٹیف، لاکاس، ایجوکیٹرز، الائیڈ سکولز کی تمام برانچر بروز جمعہ اور ہفتہ بند ہوں گی اور سیکورٹی وجوہات کی بناء پر اس فیصلے سے متعلق والدین کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت اور لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تاحال سرکاری سکولوں میں چھٹی کا اعلان نہیں کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ کے باعث گلبرگ کے گرد و نواح کے علاقوں میں تین روز سے سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
مذکورہ سکولز کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا اور اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی سکول بند ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔