پی ایم ڈی سی 2 لاکھ ڈاکٹرز کو رجسٹریشن، تجدید دینے میں ناکام

  • February 9, 2018 4:24 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: سید محمد عسکری

ملک کے تقریباً دو لاکھ ڈاکٹرز کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سے رجسٹریشن اور لائسنس کی تجدید میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ بھاری فیس وصول کرنے کے باوجود کئی مہینوں تک پی ایم ڈی سی نئے ڈاکٹرز کو رجسٹریشن اور پرانوں کو تجدید دینے میں ناکام ہے۔

پی ایم ڈی سی کے صوبائی مراکز میں رجسٹریشن اور ان کی تجدید کا کوئی انتظام نہیں حتیٰ کہ میڈیکل جامعات اور کالجوں میں تدریسی امور انجام دینے والے ڈاکٹرز کی فیکلٹی رجسٹریشن کا کام بھی غیر معمولی تاخیر کا شکار ہے۔ ادھر وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے صوبائی مراکز میں اسناد (ڈگریوں) کی تصدیق کا عمل شروع ہونے سے فارغ التحصیل طلبہ کی مشکلات ختم ہوگئی ہیں۔

اس سے قبل صرف ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اسناد کی تصدیق کر رہا تھا جس سے نہ صرف اسناد کی تصدیق میں تاخیر ہوتی تھی بلکہ امیدواروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

پی ایم ڈی سی کے رجسٹرار ڈاکٹر وسیم کا کہنا ہے کہ جب تک پی ایم ڈی سی کا سارا نظام ڈیجیٹلائز نہیں ہو جاتا اس وقت تک صوبائی مراکز پر رجسٹریشن اور تجدید کا کام شروع نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے صوبائی دفاتر میں اسناد کی تصدیق اس وقت شروع ہوئی جب ان کا سارا نظام ڈیجیٹلائز ہوا، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے نظام کو کمپیٹرائز کرنے کے معاملے پر بات جاری ہے ہم نے موجودہ صورتحال میں صوبائی مراکز میں رجسٹریشن اور ان کی تجدیدشروع کر دیا تو جعلی کام شروع ہو جائے گا۔

ڈاکٹر وسیم نے تسلیم کیا کہ پیپر ورک کی وجہ سے پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن اور ان کی تجدید کے عمل میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایتی مرکز قائم کیا گیا ہے جس کی نگرانی وہ خود کرتے ہیں، شکایت کی صورت میں امیدوار شکایتی مرکز سے رجوع کر سکتے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *