یو ایس ایڈ کا ایگری کلچر یونیورسٹی کی 200 لڑکیوں کو بائی سائیکل کا تحفہ
- September 9, 2016 11:16 pm PST

فیصل آباد
یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گروآرک نے ایگری کلچر یونیورسٹی فیصل آباد میں طالبات کو بائی سائیکل تقسیم کیں۔
ایگری کلچر یونیورسٹی کے ویمن سائیکلنگ کلب کو یو ایس ایڈ نے یہ بائی سائیکل تحفے میں دی ہیں۔
امریکہ نے ویمن ایمپارومنٹ پروگرام کے تحت زرعی شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانے کی غرض سے بائی سائیکل تقسیم کی ہیں۔
مشن ڈائریکٹر جان گروآرک کہتے ہیں کہ خواتین کو جہاں دوران تعلیم بے شمار مسائل کا سامنا ہوتا ہے بلکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اُنہیں محفوظ ٹرانسپورٹیشن کا مسئلہ بھی درپیش رہتا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ اُنہیں اُمید ہے کہ یونیورسٹی کی حدود میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں لڑکیوں کو یہ بائی سائیکل مددگار ثابت ہوں گی۔
جان گروآرک کہتے ہیں کہ کیمپس میں بائی سائیکل چلانے سے لڑکیوں کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا جو بعد میں ان کی زندگی میں بھی کام آئے گا۔
ایگری کلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان کا کہنا ہے کہ 70 کی دہائی میں کیمپس کے اندر لڑکیاں بائی سائیکل چلاتی تھیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ رجحان ختم ہوگیا۔
اُنہوں نے 200 بائی سائیکل تقسیم کرنے پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا۔
ایگری کلچر یونیورسٹی کی طالبہ ثناء جعفر کہتی ہیں کہ شروع کے دنوں میں وہ بائی سائیکل چلانے بہت خوفزدہ تھیں لیکن اب وہ پُر اعتماد ہے۔ وہ کہتی ہے کہ بائی سائیکل چلانے سے خود اعتمادی میں اضافہ ہونے کے بعد اُنہیں زندگی آسان لگنے لگی ہے۔
یو ایس ایڈ کا جینڈر ایکویٹی پروگرام پورے ملک میں این جی او عورت فاؤنڈیشن کے تحت چلایا جارہا ہے۔
پانچ سال کے عرصے پر محیط اس پروگرام پر 40 ملین امریکی ڈالرز خرچ کیے جارہے ہیں۔
جس کا مقصد خواتین کے لیے انصاف تک رسائی، معاشی ضروریات، سماجی و سیاسی بااختیار اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت خواتین کو زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔