بھارت کی 6 یونیورسٹیوں میں یوگا ڈیپارٹمنٹ کھولنے کا فیصلہ
- August 24, 2016 5:14 pm PST
انند کمار، اُترپردیش
یوگا سائنس کی ترویج و فروغ کے لیے ملک کے نامور محقیقین، پروفیسرز اور ماہرین تعلیم کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔
ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ انڈیا کی وزیر سمیریتی ایرانی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی چھ بڑی یونیورسٹیوں میں یوگا کی تعلیم کی ترویج کے لیے شعبہ جات کھولے جائیں گے۔
یوگا ڈیپارٹمنٹ کی تعداد آئندہ سال تک بیس تک پہنچائی جائے گی۔
سمیریتی ایرانی نے ٹیکنالوجی کے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ یوگا کے فوائد پر سائنسی تحقیق کو سامنے لایا جائے۔
سمیریتی ایرانی کہتی ہیں کہ جن یونیورسٹیوں میں یوگا کی کلاسز ہوتی ہیں وہاں پر از سر نو بہتری لانے کی حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔
سنٹرل یونیورسٹی راجستھان، اندرا گاندھی نیشنل یونیورسٹی امرکرناٹک،وسوا بھارتی یونیورسٹی،ہیمواتی نندن یونیورسٹی، سنٹرل یونیورسٹی آف کیرالہ اور یونیورسٹی آف اُتراکھنڈ میں یوگا ڈیپارٹمنٹ بنائے جائیں گے۔
یوگا ڈیپارٹمنٹس میں آئندہ تعلیمی سال میں داخلے بھی شروع کر دیے جائیں گے۔ سمیریتی ایرانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یوگا انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے تاہم اس سے متعلق سائنسی معلومات جمع کر کے باقاعدہ مضمون کی شکل میں پڑھانا انتہائی ضروری ہے۔