نیشنل ریسرچ پروگرام: یونیورسٹیز کو 575 ریسرچ پراجیکٹس ایوارڈ، 1047 مسترد
- August 3, 2017 11:49 am PST
اسلام آباد
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے جامعات کیلئے قومی تحقیقاتی پروگرام کے تحت 575 منظور شدہ ریسرچ پراجیکٹس ایوارڈز کر دیے گئے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے 2 ہزار 7 سو 22 منصوبے جمع کرائے گئے جن میں سے ایک ہزار 707 منصوبوں کو شارٹ لسٹ کر کے 575 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ایچ ای سی کو موصول ہونے والے ریسرچ پراجیکٹس میں ایک ہزار 47 پراجیکٹس مسترد کیے گئے جبکہ 85 منصوبوں کا مزید جائزہ لیا جارہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی یونیورسٹیز نے کل 911 پراجیکٹس جمع کرائے جن میں 581 شارٹ لسٹ کیا گیا اور 202 کی منظوری کے بعد 365 پراجیکٹس مسترد کر دیے گئے۔
پنجاب کی یونیورسٹیز سے 985 ریسرچ پراجیکٹس ایچ ای سی کو موصول ہوئے جن میں سے 581 پراجیکٹس شارٹ لسٹ کیے گئے ان میں سے 218 کی منظوری اور 342 ریسرچ پراجیکٹس کو مسترد کر دیا گیا۔
سندھ کی یونیورسٹیز نے 327 ریسرچ پراجیکٹس جمع کرائے جن میں سے 268 کو شارٹ لسٹ کر کے صرف 163 پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔
خیبرپختونخوا میں 410 پراجیکٹس جمع کرائے گئے جن میں 231 کو شارٹ لسٹ کر کے 69 پراجیکٹس منظور کیے گئے اور 138 پراجیکٹس مسترد کر دیے گئے۔
اسی طرح ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بلوچستان، گلگت، بلتستان اور آزاد کشمیر کی یونیورسٹز سے 89 پراجیکٹس موصول ہوئے جن میں سے صرف 6 منظور کیے گئے اور باقی تیراسی پراجیکٹس مسترد کر دیے گئے۔