ایچ ای سی کا خفیہ کوڈ کے تحت ڈگریوں کی آن لائن تصدیق کا فیصلہ

  • December 31, 2016 2:42 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد/سٹاف رپورٹر

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کی تصدیق کا آن لائن سسٹم لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی نے تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ ڈگریوں کی تصدیق، مساویت سرٹیفیکیٹس اور ڈپلومہ سرٹیفیکٹیس کی تصدیق کا کام ایچ ای سی کرے گا۔

اس نئے نظام کا مقصد ڈگریوں کی تصدیق اور مساویت کے معاملات کا آسان بنانا ہے۔

ایچ ای سی کے موجودہ سسٹم کے تحت ڈگریوں کی تصدیق ریجنل دفاتر کراچی، کوئٹہ اور لاہور سے کی جارہی ہیں تاہم جلد ہی اسے پاکستان بھر میں آن لائن کر دیا جائے گا ۔

اس سسٹم کے تحت طالبعلم اپنی ڈگری کو ایچ ای سی کے آن لائن سسٹم میں سکین کر کے اپ لوڈ کرے گا اور یہ سسٹم نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیشن اتھارٹی یعنی نادرا کے ساتھ منسلک ہوگا جہاں پر اُمیدوار کی پہلے مرحلے میں
شناخت کی تصدیق کی جائے گی ۔

اس کے ساتھ ایچ ای سی پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر بنا یا جارہا ہے جہاں تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیوں کے ڈگری پروگرام کی تفصیلات موجود ہوں گی اگر پاکستان کوالیفکیشن رجسٹر میں کسی ڈگری کی تفصیلات درج نہیں ہوں گی تو طالبعلم اپنی ڈگری کی تصدیق نہیں کراسکے گا۔

یہ پڑھیں؛ سندھ، بلوچستان کا ایچ ای سی سے فنڈز صوبے کو منتقل کرنے کا مطالبہ

ایچ ای سی اس سسٹم میں مزید شفافیت لانے کے لیے تمام یونیورسٹیوں کے کنٹرولر امتحانات کو اس ڈیٹا بیس تک رسائی دے گا تاکہ طالبعلم کی سکین کردہ ڈگری کو کنٹرولر امتحانات بھی چیک کر سکے۔ آن لائن سسٹم کے تمام ڈگری کی تصدیق کا مرحلہ چوبیس گھنٹے میں مکمل ہوجائے گا اور اگر اس میں کوئی دشواری پیش آئے گی تو متعلقہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو بذریعہ ای میل آگاہ کر دیا جائے گا۔

آن لائن سسٹم کے تحت طالبعلم کو ڈگری کی تصدیق کے لیے کوئک ریسپانس کوڈ جاری کیا جائے گا جس پر طالبعلم کا شناختی نمبر، نام، ڈگری ٹائٹل بھی درج ہوگا یہ کیو آر کوڈ ڈگری کی تصدیق میں غلطیوں کو پکڑنے میں بھی مدد دے گا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن اس سسٹم سے شناسائی کے لیے ریجنل دفاتر میں یونیورسٹیوں کے کنٹرولر امتحانات کی ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ بھی منعقد کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *