جی سی یونیورسٹی میں بڑے فیصلے، 17 نئے پروفیسرز کی تقرری
- March 6, 2017 3:44 pm PST
محمد بشارت
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد پروفیسرز کی تعداد 19 ہوگئی ہے جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی تعداد 34 اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی تعداد 134 ہوگئی ہے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی سنڈیکیٹ نے بی اے (آنرز) سوشیالوجی کا نیاپروگرام شروع کرنے کی بھی منظور ی دے دی ہے جس میں داخلے رواں سال سے ہی ہوں گے۔ یونیورسٹی میں 2006ء سے خالی محبوب الحق چیئر پر نامور ماہر معاشیات پروفیسر ڈاکٹر انجم نسیم کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی نے سینیارٹی کی بنیاد پر لیکچررز کی ترقی کا دو ہزار دس تک قائم رہنے والا فارمولا بھی دوبارہ رائج کر دیا گیا ہے۔ سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کے 9 لیکچررز کی سینیارٹی کی بنیاد پر اسسٹنٹ پروفیسرز کی ترقی کی منظوری دے دی ہے۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سینئر فیکلٹی کی شدید کمی پر بھی کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ یوں اب یونیورسٹی میں کل پروفیسرز کی تعداد 19، ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی تعداد 34 جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز کی تعداد 134ہو گئی۔
جی سی یو سنڈیکیٹ نے نامور فلسفی اور ناول نگار پروفیسر ڈاکٹر مرزا اطہر بیگ سمیت پانچ ماہرین تعلیم اور محققین کی یونیورسٹی میں بطور ممتاز پروفیسرتعیناتی کی منظوری دی ہے، جبکہ چار پروفیسرز اور تین ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی تقرری بھی کر دی گئی۔
اردو ادب میں پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید ،شعبہ نباتیات میں پروفیسر ڈاکٹر امین الحق اورپروفیسر ڈاکٹر ظہیرالدین خان اور شعبہ حیوانیات میں پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف مغل کو ممتاز پروفیسر تعینا ت کیاگیا ،جبکہ سنڈیکیٹ کے احکامات پرڈاکٹر سلامت علی فزکس، ڈاکٹر مجاہد عباس ریا ضیات ، ڈاکٹر محمد زائد قریشی کیمسٹری اور ڈاکٹر علی اقتدار مرزا کوجغرافیہ میں پروفیسر تعینا ت کیاگیا ہے۔
ڈاکٹر حافظ محمد نعیم،ڈاکٹر جمال عبدالناصر اور عرفان اللہ بابر کی بطورایسوسی ایٹ پروفیسرز تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری ہو گیا ہے۔
عظمیٰ حنیف، صباء ابراہیم،ماہ رُ خ نشاط،اظہر افتخار،صائمہ جبین،محمد الطاف الرحمان،سعدیہ رفیق،محمد نصیر احمد تائب اور ندیم ظفرکو اسسٹنٹ پروفیسرز کے عہدے پر ترقی دے گئی ۔ یونیورسٹی میں خواتین اساتذہ اور طلباء
کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ڈاکٹر عائشہ شہباز کو فی میل میڈیکل آفیسر تعینات کیا گیا۔
بابر علی خان اور محمد شہزاد کو ایڈیشنل رجسٹرار اور ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی۔رجسٹرار صبور خان کے مطابق نئی تعیناتیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں ،جبکہ نئے فیکلٹی ممبران کو عہدوں کو چارج لینے کے لیئے 15دن کا وقت دیا گیا ہے۔