جی سی یونیورسٹی: 50 برس سے تعینات میوزک اُستاد طارق سلمان فارانی کا انتقال
- January 17, 2021 12:39 pm PST
لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے میوزک اُستاد طارق سلمان فارانی انتقال کر گئے ہیں۔ طارق سلمان فارانی نذیر احمد میوزک سوسائیٹی کے انچارج تھے۔
طارق فارانی جی سی یونیورسٹی کی میوزک سوسائیٹی کے پچاس برس سے انچارج تھے۔ اُن کی سرپرستی میں یونیورسٹی نے گائیگی کے مقابلوں میں دس مرتبہ مسلسل ٹیم ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
طارق فارانی کو اولڈ راوینز یونین کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، یہ ایوارڈ دو ہزار اٹھارہ میں سابق آرمی چیف راحیل شریف کی جانب سے دیا گیا تھا۔
طارق فارانی کے سینکڑوں شاگرد موسیقی کی دُنیا میں اپنا نام پیدا کر چکے ہیں اور انھوں نے بہترین موسیقاری کے باعث یونیورسٹی کی میوزک سوسائیٹی کو تین سو سے زائد انعامات دلوائے۔
طارق فارانی کے شاگردوں میں حدیقہ کیانی، جواد احمد، شفقت امانت علی جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔
مرحوم کی نماز جنازہ آج سمن آباد لاہور کی جامعہ مسجد علی المرتضیٰ میں سہ پہر تین بجکر تیس منٹ پر ادا کی جائے گی۔