ایف سی کالج کا ریکٹر تبدیل، یو ایس ایڈ کا سابق ڈائیریکٹر نیا ریکٹر تعینات

  • October 31, 2020 9:12 pm PST
taleemizavia single page

اکمل سومرو): فارمین کرسچیئن کالج لاہور میں ڈاکٹر جوناتھن ایس۔ ایڈلیٹن کو نیا ریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔ نئے ریکٹر کے اعزاز میں ایف سی کالج میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں ایف سی کالج کے بورڈ آف ڈائیریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر جولیئس، وائس ریکٹر ڈاکٹر ڈوگلس ٹریمبل اور رجسٹرار بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر نیئر فردوس بھی شریک ہوئے۔

ریکٹر کا عہدہ چھوڑنے والے ڈاکٹر جیمز اے ٹیبی کی جانب سے نئے ریکٹر ڈاکٹر ڈاکٹر جوناتھن ایڈلیٹن کو یونیورسٹی چارٹر، اور یونیورسٹی کی علامتی چابی حوالے کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ ڈاکٹر قیصر جولیئس نے کہا کہ ایف سی کالج میں ریکٹر کی تبدیلی ہمیشہ خوش گوار ماحول میں کی گئی ہے اور ریکٹر کی یہ تبدیلی منفرد روایت ہے۔

ایف سی کالج لاہور میں ریکٹر تبدیلی کی تقریب

نئے ریکٹر ڈاکٹر جوناتھن نے ڈاکٹر جیمز ٹیبی کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ لبرل آرٹس کی تعلیم کی ترویج کے لیے ہم ایف سی کالج کو بہ طور ماڈل پیش کریں گے اور پاکستان کے ساتھ اس کی مناسبت کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر جوناتھن نے کہا کہ ایف سی کالج پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، انھوں نے کہا کہ ایف سی کالج نے ڈی نیشنلائزیشن کی دو دہائیوں کے بعد ہی اپنی پہچان بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ڈاکٹر جوناتھن ایڈلیٹن نے مری کرسچیئن سکول پاکستان سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی جبکہ وہ اپنے زندگی کے ابتدائی اٹھارہ برس پاکستان میں ہی قیام پذیر رہے۔ انھوں نے ٹفٹس یونیورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انھوں نے امریکا کی فارن سروس میں بتیس برس ملازمت کی ہے۔

ڈاکٹر جوناتھن دو ہزار چھ میں پاکستان میں یو ایس ایڈ کے ڈائیریکٹر تعینات رہے ہیں جبکہ منگولیا میں امریکی سفیر اور یو ایس ایڈ میں دیگر اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔

نئے ریکٹر ڈاکٹر جوناتھن اُردو، ہندی زبان جانتے ہیں جبکہ انھوں نے فرنچ، رشین، عربی اور منگولین زبان کی رسمی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ ڈاکٹر جوناتھن کل یکم نومبر سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *