بیٹھک سکولز نیٹ ورک کے تحت پرائمری تک مفت تعلیم کا منصوبہ

  • October 2, 2019 1:27 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے والی تنظیم بیٹھک سکولز نیٹ ورک کی سالانہ تقریب کا انعقاد گارڈن ٹائون میں کیا گیا. اس تقریب میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے خصوصی طور پر شرکت کی.

محمد علی درانی کا تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی یک جہتی کے لیے ایک جیسا نظام تعلیم ہونا ناگزیر ہے اور فلاحی تنظیمیں تعلیم کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہی ہیں. اُن کا کہنا تھا یہ حکومت کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سستی اور معیاری تعلیم فراہم کرے .

محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ جو بچے سکولوں سے باہر ہیں انھیں سکول تک لانا اور ان کی تعلیم کا بندوبست کرنا ریاستی ذمہ داری ہے تاہم بیٹھک سکولز نیٹ ورک کی جانب سے ان بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرنا احسن اقدام ہے اور یہ قابل ستائش ہے.

بیٹھک اسکولز نیٹ ورک لاہور کی صدر اسما فیض نے بتایا کہ بیٹھک اسکولز پرائمری تک تعلیم فراہم کر رہا ہے ، اس کے تمام ادارے پسماندہ علاقوں اور کچی بستیوں میں بنائے گئے ہیں.

انھوں نے سالانہ تقریب کے دوران اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں 148 سکولوں میں 25 ہزار طلباء اس پراجیکٹ کے تحت زیر تعلیم ہیں جبکہ صرف لاہور کے پسماندہ علاقوں میں 17 سکولز کام کر رہے ہیں.

اسما فیض کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں میں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کا فقدان ہوتا ہے جس کا اثر بچوں اور خاندانوں‌ پر براہ راست مرتب ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ ہمارا نیٹ ورک بنیادی طور پر ضرورت مند بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا بندوبست کرتی ہے.

اس تقریب سے خطاب میں شاعر امجد اسلام نے کہا کہ کسی فرد کو تعلیم فراہم کرنا پوری قوم کو تعلیم فراہم کرنے کے مترادف ہے اور صاحب ثروت لوگوں کا یہ مذہبی فریضہ ہے کہ وہ تعلیم کو عام کرنے کی سماجی خدمت میں‌ حصہ لیں. انھوں نے بیٹھک سکولز کی انتظامیہ کو بے حد سراہا.

تقریب کے دوران ان سکولوں کے بچوں نے سماجی موضوعات پر ٹیبلوز بھی پیش کیے اور تعلیم کی افادیت پر مختصر خاکے پیش کیے

اس تقریب میں لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمان سہگل ، معروف کاروباری شخصیت ابرار احمد ، آئی ٹی کنسلٹنٹ بدر خوشنود ،یو ایم ٹی بورڈ آف ٹرسٹیز کی ممبر ڈاکٹر نوشابہ حسن ، صدر یونیفائیڈ میڈیا کلب محمد حسان نے بھی شرکت کی.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *