پاکستان میں بیکن ہائوس انٹرنیشنل کالجز کا نیا برانڈ لانچ کر دیا گیا
- December 21, 2019 3:28 pm PST
اسلام آباد: بیکن ہائوس گروپ نے اسلام آباد میں دی بیکن ہائوس انٹرنیشنل کالجز (BIC) کا پہلا کیمپس لانچ کر دیا ہے.
اس نئے کالج میں بیک ٹیک لیول تھری، ہائیر نیشنل ڈپلومہ اور دُنیا کے نامور تعلیمی اداروں کی انڈرگریجویٹ ڈگریاں آفر کی جائیں گی.
کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیکن ہائوس کی ایگزیکٹو ڈائیریکٹر نسرین قصوری نے کہا کہ یہ نیا پراجیکٹ تعلیمی شعبے میں سنگ میل ثابت ہوگا، اس کالج میں جدید طرز کی تمام تعلیمی سہولیات دستیاب ہوں گی. انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد کیمپس میں ماحول دوست بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سولر سسٹم انسٹال کیا گیا ہے.
بیکن ہائوس انٹرنیشنل کالجز کی افتتاحی تقریب میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائیریکٹر جنرل سروسز اظہر لطیف، پیرسن کے نائب صدر ڈیرک رچرڈسن، ڈائیریکٹر پیرسن ایشیاء پریمیلا پائولراج، کیمبرج انٹرنیشنل پاکستان کی کنٹری ڈائیریکٹر عظمٰی یوسف، وقار احمد شاہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی.