ورلڈ بنک نے سندھ میں ایجوکیشن ریفارمز منصوبے بند کر دیے
- January 7, 2019 12:17 pm PST

کراچی: صوبائی حکومت نے عالمی بنک کے تعاون سے چلنے والے ریفارم سپورٹ یونٹ اور اس سے ملحقہ شعبے جن میں لوکل سپورٹ یونٹ اسکول اسپیسفک بجٹ اسکول منیجمنٹ کمیٹی، اور اسکول ایجوکیشن ریفارم پروگرام کو فوری طور پر بند کر دیئےگئے ہیں.
اس کے علاوہ محکمہ تعلیم سندھ کے ماتحت جدید خطوط پر چلنے والے منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (SEMIS) کوڈ کو بھی فوری طور پر بند کر کے متعلقہ عملے کو فارغ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں نظام تعلیم میں بہتری اور اصلاحات لانے کے لیئے عالمی بنک کی جانب سے سندھ کے محکمہ تعلیم کو جولائی 2017ء تک کی مہلت دی گئی تھی تاہم مقررہ مدت میں تمام ٹارگٹ کے حصول میں کامیابی نہ ملنے پر حکومت سندھ کو پروگرام جاری رکھنے اور معین کردہ ٹارگٹ کے حصول کے لیئے مذید ڈیڑھ سال کی مہلت دے دی گئی تھی.
یہ مہلت دسمبر 2018ء کو ختم ہو گئی ہے جس کے بعد سندھ حکومت نے سندھ میں تعلیمی نظام کی بہتری اور اصلاحات جاری رکھنے کے لیئے 16 نومبر 2018ء کو وزارت خزانہ حکومت پاکستان کے اکنامک افیئر ڈویژن کو ایک خط لکھا تھا جس میں ورلڈ بنک کے تعاون سے چلنے والے ریفارم سپورٹ یونٹ اور اسکول ایجوکیشن ریفارم پروگرام، ماتحت اداروں کو فعال اور جاری رکھنے کی درخواست کی گئی تھی.
سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کی اس حوالے سے مذکورہ پروگرام میں ناقص کارکردگی ، فنڈز میں مبینہ خورد بردپر اور ٹارگٹ کے حصول میں مکمل ناکامی پر وفاقی حکومت نے ورلڈ بنک کے تعاون سے چلنے والے اس پروگرام کو مذید جاری رکھنے پر سندھ حکومت سے معذرت کر لی تھی ۔
واضح رہے کہ سندھ بھر کے تقریباً 43 ہزار اسکولوں میں ورلڈ بنک کے تعاون سے نظام تعلیم میں اصلاحاتی پروگرام چلائے جا رہے تھے، جبکہ یہ بھی واضح رہے کے ریفارم سپورٹ یونٹ کا شعبہ سندھ میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے 2001ء میں متعارف کروایا گیا تھا اور جس کی فنڈنگ ورلڈ بنک سے کروائی گئی تھی.
اس نظام کو مذید بہتر کرتے ہوئے محکمہ تعلیم سندھ میں جدید بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ بھی کیا تھا جس سے صوبے بھر کے محکمہ تعلیم کے ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کر دیا گیا تھا اور جس کے بعد ان تمام ملازمین کو ایک آئی ڈی نمبر کے ساتھ ساتھ ایک سیمیز کوڈ بھی الاٹ کر دیا گیا تھا جس کے تحت ملازمین کی تمام تفصیلات اور معاملات ڈیجیٹل بنیادوں پر کمپیوٹرائزڈ کر دیئے گئے تھے ۔