پنجاب کے چھ تعلیمی بورڈز میں کمشنرز چیئرمین تعینات
- July 4, 2022 6:33 pm PST

لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں چیئرمین کی خالی آسامیوں پر متعلقہ ڈویژن کے کمشنر کو چیئرمین کے عہدوں پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گجرانوالہ، ساہیوال اور سرگودھا میں چیئرمین کے عہدوں پر کمشنرز تعینات کر دیے ہیں۔
گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد کمشنر کو تین ماہ کی مدت کے لیے چیئرمین بورڈ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ بورڈز میں مستقل چیئرمین کے عہدے خالی پڑے ہیں اور ان عہدوں پر مستقل تقرریوں کا عمل التواء کا شکار ہے۔