پنجاب سے وائس چانسلرز، پروفیسرز سمیت 16 افراد سول ایوارڈ کیلئے نامزد
- April 21, 2021 12:03 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب حکومت نے سوال ایوارڈز 2021ء کی پالیسی کے تحت صوبے سے 16 نام ور شخصیات کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد یہ نام حکومت پاکستان کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔
تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق 22 دسمبر 2020ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے پنجاب حکومت کو مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں سول ایوارڈز کی نامزدگیوں کیلئے ناموں کی سفارشات مانگی گئیں تھی۔
حکومت پنجاب نے سول ایوارڈ کیلئے ناموں کا انتخاب کرنے کی غرض سے سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جس کے بعد 16 شخصیات کے نام فائنل کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق وائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی ڈاکٹر کنول امین، سابق پرنسپل ایچی سن کالج فقیر سید اعجاز الدین کو تمغہ امتیاز دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرنمنٹل سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ساجد رشید، انیس ناگی (مرحوم)، پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد کا نام بھی تمغہ امتیاز کیلئے منتخب کیا گیا ہے
مصور محمد جاوید ،ڈاکٹر خواجہ عبد الحی، محفوظ الرحمن، انجنیئر سید محبوب علی زیدی، ڈاکٹر محمد شکیل پتافی، ڈاکٹر عبد الحی کو تمغہ امتیاز دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
شاہد زیدی، سابق پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس لاہور ڈاکٹر سلیمہ ہاشمی، راشد علی رانا، نام ور شاعر امجد اسلام امجد ، مرحوم آئی اے رحمان کو نشان امتیاز دینے کی سفارش کی گئی ہے
پنجاب حکومت کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ اس فہرست کے علاؤہ صوبے کے کسی بھی دیگر محکمہ جات، خود مختار اداروں کی طرف سے سول ایوارڈ کی نامزدگیوں کیلئے ارسال کی گئی فہرستیں سرکاری طور پر ناقابل قبول ہیں اور ان فہرستوں کی حکومت نے منظوری نہیں دی