نمبروں کی دوڑ ختم، کیمبرج کی طرز پر میڑک و انٹر میں گریڈنگ سسٹم منظور
- August 20, 2019 7:09 pm PST
آمنہ مسعود
پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے تحت میڑک و انٹرمیڈیٹ کا امتحان دینے والے طلباء کے لیے نمبروں کو ختم کر کے گریڈز دینے کے فارمولے کو فائنل کر لیا گیا ہے.
اس نئے فارمولے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ کے اجلاس میں دے دی گئی ہے. یہ فارمولہ کیمبرج انٹرنیشنل سسٹم کے تحت او لیول اور اے لیول سے ماخوذ کیا گیا ہے.
پنجاب میں گریڈنگ سسٹم کا اطلاق سال 2020ء سے ہوگا تاہم آئندہ سال سے ہی طلباء کے رزلٹ کارڈز پر نمبروں کے ساتھ گریڈز کو اضافی طور پر لکھا جائے گا.
بورڈ امتحان میں 90 سے 100 نمبرز آنے پر اے پلس گریڈ دیا جائے گا. 87 سے 89 نمبروں کے درمیان اے گریڈ، 82 سے 86 نمبروں تک بی پلس گریڈ ہوگا.
77 سے 81 نمبروں کے درمیان بی گریڈ، 70 سے 76 نمبروں کے درمیان سی پلس، 60 سے 69 نمبرز حاصل کرنے پر سی گریڈ اور 50 سے 59 کے درمیان نمبرز پر ڈی پلس گریڈ دیا جائے گا.
40 سے 49 نمبروں کے درمیان ڈی گریڈ اور 33 سے 39 نمبروں کے درمیان ای گریڈ جاری ہوگا.
ان امتحانات میں 33 سے کم نمبرز حاصل کرنے پر رزلٹ کارڈ پر Below 33% لکھا جائے گا.
میٹرک اور انٹرمیڈیٹ میں گریڈنگ سسٹم کے نفاذ کا اعلان وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے میٹرک کے سالانہ نتائج کے موقع پر کیا تھا اور اس کے لیے آئی بی سی سی کی جانب سے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی تھی.
سمری کی منظوری ہو جانے کے بعد تعلیمی بورڈز اب گریڈز کو بھی رزلٹ کارڈ کا حصہ بنائیں گے تاہم 2020ء کے بعد رزلٹ کارڈ پر صرف گریڈ درج ہوگا.