گورنر نے مستقل وائس چانسلر کو عہدے سے فارغ کر دیا
- September 21, 2019 1:17 pm PST
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹا دیا۔
بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی لڑکی کے ساتھ ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کا گورنر خیبر پختونخوا نے نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر کے خلاف کارروائی کی۔
بنوں یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر سلطان محمود کو عارضی طور پر وائس چانسلر کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور وائس چانسلر کی تعیناتی تک وہ وائس چانسلر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے معاملہ کی باقاعدہ تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کے بعد 10 روز میں اپنی حتمی رپورٹ تیار کر کے گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کرے گی۔
اس کمیٹی میں وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر محمد آصف خان، صوبائی انسپکشن ٹیم کے چیئرمین اکبر خان اور رضا شاہ شامل ہیں.
گورنر نے وائس چانسلر کو خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ایکٹ 2012ء کے سیکشن 12(7) (8) کے تحت جبری رخصت پر بھیجا ہے. بنوں یونیورسٹی کے طلباء نے وائس چانسلر کی ڈانس ویڈیو کے خلاف مظاہرہ بھی کیا اور انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کو بھی بند کر دیا گیا.
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ نوجوان لڑکی کے ساتھ ڈانس کر رہے تھے۔