وائس چانسلرتقرری کیس: وائس چانسلرزکا مشاورتی اجلاس طلب

  • December 18, 2016 7:31 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد صوبے کی سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز تقرری کے معاملے پر پنجاب حکومت براہ راست وائس چانسلرز کے ساتھ مشاورت کرنے جارہی ہے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم علی رضا گیلانی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں وائس چانسلرز کا اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں پنجاب کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی شرکت متوقع ہے۔

وائس چانسلرز تقرری کیس کے عدالتی فیصلے کے بعد گیارہ جامعات کے موجودہ وائس چانسلرز کی تعیناتی غیر قانونی ہوگئی ہے جس پر پنجاب کی یہ جامعات نئے بحران سے دو چار ہوسکتی ہیں۔ اجلاس میں عدالت کے ستاسی صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے پر بحث کی جائے گی۔

جی سی یونیورسٹی لاہور میں ہونے والے اس اجلاس میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر نظام الدین کمیشن کی نمائندگی کریں گے اور اس کیس سے متعلق قانونی ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس کل صبح دس بجے یونیورسٹی میں منعقد ہوگا۔

وزیر تعلیم علی رضا گیلانی اپنے بیان میں پہلے کہہ چکے ہیں کہ آئین کی اٹھارویں ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن صوبوں کو سُپرد ہوچکی ہے اور عدالت کے اس فیصلے میں قانونی تقاضوں پر ابھی بھی بحث کی گنجائش موجود ہے۔ اُنہوں نے لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بھی واضح کیا تھا کہ پنجاب حکومت عدالت کے اس فیصلے کے خلاف انٹرکورٹ اپیل کورٹ کل یعنی اُنیس دسمبر کو دائر کرے گی اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو پھر سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت سے وائس چانسلرز تقرری کا اختیار چھین لیا گیا

لاہور ہائیکورٹ کے وائس چانسلرز تقرری فیصلے پر وائس چانسلر جامعہ پنجاب ڈاکٹر مجاہد کامران، پنجاب حکومت اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن الگ الگ اپیلیں دائرکریں گے۔ واضح رہے کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں چار یونیورسٹیوں کے قائم مقام وائس چانسلرز کو سات روز میں عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا تھا اور یہ تفصیلی فیصلہ چھ دسمبر کو جاری کیا گیا تھا جسے پندرہ روز گزر چکے ہیں۔

وائس چانسلرز کے کل طلب کیے گئے اجلاس میں عدالتی فیصلے پر آئندہ حکمت عملی پر بحث کی جائے گی تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت عدالت کے من و عن فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *