پنجاب کی 18 جامعات نادہندہ، حکومت کی وارننگ
- May 11, 2024 8:08 pm PST
لاہور: جمشید علی
محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کی 18 جامعات کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے لاکھوں روپے مالیت کے اشتہارات کی واجب الادا رقم فوری طور پر جمع کرائیں۔
جامعات کے وائس چانسلرز کو محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا اور اس مراسلہ میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ تعلیمی زاویہ کی جانب سے تحقیقات کرنے پر انکشاف ہوا کہ جامعات نے قومی اور علاقائی اخبارات میں مختلف کیٹیگریز کے تحت اشتہارات شائع کرائے تاہم ان اشتہارات کے بل کی ادائیگیاں نہیں کی جارہی۔
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ ملاقات کی اور بلوں کی واجب الادا رقم کے امور پر بریفنگ دی جس کے بعد محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے سیکرٹری کو طلب کیا گیا۔
تعلیمی زاویہ کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق، پنجاب یونیورسٹی ڈی جی پی آر کی 31 لاکھ 23 ہزار 928 روپے کی نادہندہ ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور 17 لاکھ 27 ہزار 808 روپے، سرگودھا یونیورسٹی 27 لاکھ 45 ہزار 561 روپے، اوکاڑہ یونیورسٹی 12 لاکھ 23 ہزار 111 روپے، ایمرسن یونیورسٹی ملتان 14 لاکھ 37 ہزار 938 روپے کی نادہندہ ہے۔
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان 9 لاکھ 13 ہزار 760 روپے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور 2 لاکھ 5 ہزار 189 روپے، جی سی یو فیصل آباد 89 ہزار 567 روپے، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ایک لاکھ 47 ہزار 916 روپے، گجرات یونیورسٹی 4 لاکھ 45 ہزار 120 روپے، چکوال یونیورسٹی 3 لاکھ 22 ہزار 554 روپے کی نادہندہ ہے۔
یو ای ٹی لاہور 8 لاکھ 68 ہزار 739 روپے، ہوم اکنامکس یونیورسٹی 65 ہزار روپے، ساہیوال یونیورسٹی 2 لاکھ 34 ہزار 779 روپے، ویمن یونیورسٹی ملتان 3 لاکھ 81 ہزار 395 روپے، آئی ٹی یونیورسٹی لاہور 94 ہزار روپے، یو ای ٹی ٹیکسلا 2 لاکھ 33 ہزار روپے، ایجوکیشن یونیورسٹی لاہور 4 لاکھ 64 ہزار 587 روپے کی نادہندہ ہے۔
دستاویز کے مطابق، پنجاب ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے ذمہ واجب الادا رقم 29 لاکھ 14 ہزار 143 روپے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزیر اطلاعات پنجاب نے متعلقہ یونیورسٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ خصوصی اجلاس کیا ہے اور وائس چانسلرز کو فوری طور پر واجبات ادا کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔