اساتذہ و ملازمین کے داخلوں پر ایم فل اور پی ایچ ڈی فیس معاف

  • September 25, 2023 12:28 pm PST
taleemizavia single page

رپورٹ: صفدر رضوی

جامعہ کراچی کے فیکلٹی اساتذہ اپنے لیے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی فیس معاف کرانے میں کامیاب ہوگئے۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے انجمن اساتذہ کے تدریسی بائیکاٹ اور مسلسل دبائو میں آکر یونیورسٹی کے ریگولر اساتذہ کو ایم فل/ پی ایچ ڈی کی فیس سے مستثنیٰ کردیا ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر عبدالوحید کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق غیرتدریسی عملہ بھی ایم فل یا پی ایچ ڈی کی فیسیں ادا نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ کی جانب سے ایوننگ کلاسز کا بائیکاٹ گزشتہ 10 روز سے جاری ہے جبکہ اب گزشتہ جمعہ سے صبح کی کلاسز بھی احتجاج کی زد میں ہیں اور چند سو اساتذہ 46 ہزار طلبہ کو پڑھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

اساتذہ کے مطالبات کی فہرست میں چند بڑے مطالبات میں ایوننگ کلاسز کے معاوضوں کی فوری ادائیگی اور ایم فل/پی ایچ ڈی کی فیسوں سے استثنیٰ شامل تھا جس میں سے ایک مطالبہ اب پورا ہوچکا ہے۔

جامعہ کراچی کے اساتذہ ایم فل/پی ایچ ڈی کے سلسلے میں داخلہ، انرولمنٹ، سیمسٹر ایگزامینیشن، تھیسز ایویلیو ایشن اور وائیوا ایکزامینیشن فیس ادا نہیں کریں گے۔ یعنی اساتذہ کا ایم فل یا پی ایچ ڈی مکمل طور پر مفت ہوگا۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی سے ایم فل کرنے والے طالب علم کو 3 لاکھ 32 ہزار اور پی ایچ ڈی کرنے والے طالب علم کو 4 لاکھ 7 ہزار روپے فیسوں کی مد میں ادا کرنے ہوتے ہیں۔ جبکہ تھیسز ایویلیو ایشن کی 200 ڈالر فیس بھی یونیورسٹی خزانے سے ادا ہوگی۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ ایم فل/پی ایچ ڈی کرنے کے بعد یہی اساتذہ الائونس کے نام پر ہر ماہ 25 ہزار روپے قومی خزانے سے لینے کے بھی اہل ہوجائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *