تعلیمی زاویہ کے 5 برس مکمل، پانچ ہزار خبروں کی اشاعت، نان کمرشل ڈیجیٹل میڈیا

  • August 15, 2021 8:16 pm PST
taleemizavia single page

اکیسویں صدی کا تیسرا عشرہ ڈیجیٹل دُنیا میں داخل ہوچکا ہے، سائنس و ٹیکنالوجی، خبریں، تجزیہ اور معلومات تک رسائی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مہیا کی جارہی ہے۔ پاکستان میں روایتی اخبارات اور ٹیلی ویژن نے تعلیم کی خبروں کو مناسب جگہ فراہم نہیں کی، اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اگست 2016ء میں تعلیمی زاویہ ویب سائیٹ کی بنیاد رکھی گئی اور آج 15 اگست کو ڈیجیٹل خبروں کی ترسیل میں ادارہ کو 5 برس مکمل ہوچکے ہیں۔

تعلیمی زاویہ نے ہمیشہ معتبر اور با اعتماد خبروں کی اشاعت کو یقینی بنایا ہے جس کے لیے ہماری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔

تعلیمی زاویہ ویب سائیٹ پر اب تک 5 ہزار خبروں کی اشاعت کی گئی ہے اور یہ خبریں ہماری ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں۔ اس کے ساتھ تعلیمی زاویہ کے لیے جامعات کے وائس چانسلرز، کالجوں کے پروفیسرز اور تعلیم سے وابستہ افراد کے کالموں کا شائع ہونا ہم پر اعتماد کا اظہار ہے ۔

ملکی درس گاہوں کے انتظامی و مالی مسائل ہوں یا ان اداروں میں ضوابط کی خلاف ورزیاں ہوں تعلیمی زاویہ نے غیر جانب داری اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو ترجیح دی ہے اور اس دوران اداروں کی جانب سے دبائو ہونے کے باوجود ہمارے نامہ نگاروں نے محنت و لگن سے کام کیا۔

تعلیمی زاویہ کو 5 سال مکمل ہونے کے اس سفر میں ہم اپنے قارئین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہمیشہ ہماری حوصلہ افزائی کی اور ہماری خبروں کو معتبر سمجھا۔

تعلیمی زاویہ ویب سائیٹ اپنی کامیابی کے 5 سال مکمل ہونے پر اپنے قارئین کے لیے ڈیجیٹل نیوز لانچ کر رہی ہے جس کے ذریعے قارئین کو ڈیجیٹل نیوز رپورٹس کے ساتھ ساتھ روز مرہ کی بنیاد پر تعلیمی زاویہ کو ویڈیو بلیٹن بھی میسر ہوگا۔

اس کے ساتھ تعلیمی زاویہ ہفتہ وار ڈیجیٹل میگزین کی اشاعت بھی شروع کر رہا ہے اس ڈیجیٹل میگزین کے لیے جلد ہی ہماری ویب سائیٹ پر ہدایات اور سبسکرپشن کا آغاز کیا جائے گا۔

تعلیمی زاویہ مثبت رجحانات کے تحت ٹیکنالوجی، سائنس اور فنون لطیفہ سے متعلق اہم خبروں کو اپنے قارئین تک پہنچا رہا ہے۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ قارئین کی جانب سے موصول ہونے والے فیڈ بیک نے ہمیشہ بہتری پیدا کی ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ قارئین بذریعہ ای میل اپنا رابطہ برقرار رکھیں گے۔

ہم جامعات کے وائس چانسلرز، کالجوں‌ کے پرنسپلز، پروفیسرز اور سکولوں کے اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے ہمیں چار سالہ کامیابی کے سفر پر نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے.

چیف ایڈیٹر
تعلیمی زاویہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *