پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ کی 332 آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان
- January 26, 2021 5:25 pm PST

لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار یونیورسٹی کے 95 سے زائد شعبہ جات میں اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں پنجاب یونیورسٹی نے آسامیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں پروفیسرز کی 65، ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی 83، اسسٹنٹ پروفیسرز کی 157 اور لیکچررز کی 27 آسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔
تعلیمی زاویہ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 مارچ جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کے لیے 26 فروری آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی مذکورہ آسامیوں پر آن لائن درخواستیں وصول کرے گی جبکہ اساتذہ کی آسامیوں پر تقرریوں کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ کے تحت بھرتیاں کی جائیں گی۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی منظوری کے بعد ویب سائیٹ پر تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں تاہم مذکورہ آسامیوں کے لیے اشتہار آئندہ اتوار کو قومی اخبارات میں شائع کیا جائے گا۔
تعلیمی زاویہ کے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق حکام نے پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی آسامیوں کے لیے 3000 روپے جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز اور لیکچررز کے لیے درخواست جمع کرانے کی 1500 روپے فیس مقرر کی ہے۔ مذکورہ فیس بینک میں جمع کرانا ہوگی، فیس کی مد میں بینک ڈرافٹ یا چیک قابل قبول نہیں ہوگا۔
رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں اُمیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ملکی یونیورسٹیوں سے ڈگریوں کی صورت میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن یا یونیورسٹی سے مساویت کا سرٹیفکیٹ درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہوگا۔
پروفیسر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر کی آسامیوں پر درخواستیں جمع کرانے والے اُمیدواروں کو ہدایات کی گئی ہے کہ اپنے تحقیقی مقالہ جات کی سافٹ کاپیاں پی ڈی ایف فارمیٹ میں یو ایس بی میں جمع کرانے کے پاپند ہوں گے۔