پنجاب ایچ ای سی پر بیوروکریسی کا قبضہ
- February 19, 2025 8:20 pm PST

لاہور: پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں مستقل چیئرپرسن کی تقرری پانچ مہینوں سے التواء کا شکار ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے چیئرپرسن کے عہدے پر تقرری کے لیے اشتہار تک جاری نہیں کیا جا سکا۔
تفصیلات کے مطابق، پنجاب ایچ ای سی کے سابق چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی یو ای ٹی لاہور میں بہ طور وائس چانسلر تقرری کے بعد یہ عہدہ خالی پڑا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی بیوروکریسی پنجاب ایچ ای سی میں مستقل چیئرپرسن کی تقرری میں رکاوٹ بن گئی ہے اور اس عہدے پر تقرری کے لیے اشتہار تک جاری نہیں جا رہا۔ خیال رہے کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید کو پی ایچ ای سی میں عارضی چیئرپرسن تعینات کیا گیا تھا اور ان کی تقرری کی مدت دو روز بعد ختم ہورہی ہے۔
پنجاب ایچ ای سی پر گزشتہ پانچ مہینوں سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے زبردستی قبضہ کر رکھا ہے جبکہ ایکٹ کے مطابق کمیشن براہ راست وزیر اعلیٰ پنجاب کے ماتحت ہے اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی پنجاب ایچ ای سی میں مداخلت خلاف قانون اور خلاف ضابطہ ہے۔
یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے عہدے پر تقرری کے لیے اخبارات میں اشتہار جاری کیا جائے اور اس اہم ترین عہدے پر ماہر تعلیم کو تعینات کر کے کمیشن کو بیوروکریسی کے شکنجے سے آزاد کیا جائے۔