آئی ٹی یونیورسٹی لاہور کا وائس چانسلر تعینات کرنے کا ٹاسک لمز کے سُپرد

  • July 5, 2019 11:37 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب حکومت نے صوبے کی پہلی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں دوسرا مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا ٹاسک لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (لمز) کو سپُرد کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آئی ٹی یونیورسٹی میں وائس چانسلر تقرری کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل کرنے کی منظوری دی جس کے بعد محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے سرچ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق لمز کے سلیمان دائود سکول آف بزنس کے پروفیسر ڈاکٹر عارف بٹ کو سرچ کمیٹی کا کنونیئر بنایا گیا ہے۔ کمیٹی میں سابق بیوروکریٹ شاہد نجم، ڈیپارٹمنٹ آف الیکڑیکل انجینئرنگ لمز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود جدون، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب اور پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن شامل ہیں۔

سرچ کمیٹی کے ساتھ آئی ٹی یونیورسٹی میں وائس چانسلر تقرری کی اہلیت کا طریقہ کار بھی گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد جاری کر دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر کے عہدے کے لیے عمر کی حد 65 سال مقرر کی گئی ہے اکیڈمک کوالیفکیشن کے 35 نمبر، اور متعلقہ شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے چار نمبرز اضافی دیے جائیں گے۔

پروفیشنل اینڈ لیڈرشپ کے 30 نمبرز، تحقیقی مقالہ جات کے 35 نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔ جبکہ ان مقالہ جات اور شائع شدہ کتابوں کی پڑتال کرنے کے لیے ٹیکنیکل ریویو کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور یہ کمیٹی پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن قائم کرے گی۔ سرچ کمیٹی کی جانب سے لیے جانے والے انٹرویوز کے 100 نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کا عہدہ 2017ء سے خالی پڑا ہے اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر آئی ٹی یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *