مدارس کو طبقاتی نظام کے ذریعے انگریزوں نے توڑا، وزیر اعظم پاکستان

  • October 2, 2019 5:43 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انگریزی اور اردو تعلیمی نظام سے مدارس کو علیحدہ کرنا ناانصافی ہے جس کے باعث دینی مدارس کے بچے تمام علوم کی آگاہی سے محروم رہے اور وہ معاشی، معاشرتی اور شعوری اعتبار سے اوپر نہیں آسکے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انگریزوں نے برصغیر میں مدارس کے بہترین نظام کو طبقاتی تعلیم میں توڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے سب سے زیادہ زور تعلیم کے حصول پر دیا اور تعلیم کی بدولت ہی 700 برس تک دنیا کے سب سے بڑے سائنسدانوں کی فہرست میں مسلمان سر فہرست تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’جب تعلیم ختم ہوئی تو مسلمان تنزلی کا شکار ہوگئے اور آج ہمارے ملک میں 3 طرح کے مختلف نصاب چل رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تعلیم سے کوئی بھی قوم انسانیت کی جانب جاتی ہے اور یہ دین دنیا میں آنے کا مقصد بتاتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مذکورہ چینلز پر فلمیں بھی نشر کی جائیں گی جن میں مسلمان ہیروز کی داستانیں ہوں گی‘۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان نسل موجودہ دور کے فلمی ہیروز کو جانتی اور پہچانتی ہے لیکن تاریخ کے باوقار سپہ سالاروں کے بارے میں لاعلم ہیں۔

’اقبالیت کو نصاب کا حصہ بنائیں‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’شاعر مشرق علامہ اقبال نے مغربی تعلیمات کا مقابلہ کیا اور برصغیر کے اہل علم لوگوں کو اپنی جانب راغب کیا‘۔

عمران خان نے بتایا کہ ’علامہ اقبال نے تمام مغربی فلسفوں اور اسلام کی تاریخ کا مطالعہ کیا اور دور حاضر کی سماجی، اخلاقی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی خرابیوں پر کھل کر تبصرہ کیا‘۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کو ’نیشنل کریکولم کونسل‘ کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا ’نظریہ اقبال کو نصاب کا حصہ بنائیں تاکہ وہ تمام معاشروں کے بارے میں بہتر آگاہی کے حامل ہوں اور اپنی کمزوریوں اور صلاحیت کا ادرک رکھتے ہوں‘۔

’یکساں نظام تعلیم کیلئے نیشنل کریکولم کونسل کا قیام‘

وزیراعظم سے قبل وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نظام تعلیم میں تقسیم کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں اور ان کی مشاورت شامل کی جائے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم کے لیے نیشنل کریکولم کونسل بنائی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.