پاکستانی مدارس کی نصاب سازی امریکی یونیورسٹی سے ہونے کا انکشاف
- March 28, 2019 1:11 pm PST
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں مدارس میں پڑھایا گیا نصاب امریکا سے بن کر آیا تھا۔
اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ میڈیا ورک شاپ سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا ٹیکنالوجی میں ہائیبرڈ وار فیئر کا دور ہے جس میں جنگیں بھی میڈیاکےذریعے لڑی جاتی ہیں اور اپنےنظریات دوسری قوموں پرمسلط کرنےکارجحان ہے، ہائبرڈ وار پروپیگنڈا کانام ہے اور پروپیگنڈا جنگ کے ٹول کے طور پر استعمال ہو رہا ہے.
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی مغرب کی حمایت سے پھیلی، 1980ء میں پاکستان میں عسکریت پسند تنظیمیں بنیں اور افغان جہاد شروع ہوا، مدارس میں پڑھائے گئے نصاب امریکا کی نبراسکا یونی ورسٹی سے بن کر آئے تھے، پاکستان اس کام میں تنہا نہیں تھا.
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا موقف مضبوط لیکن پریزنٹیشن خراب تھی، اس کا بھارت نے فائدہ اٹھاکر پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑ دیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ پر امریکا میں پاکستان کا موقف بیان نہیں کیا گیا اور پاکستان اپنا بیانیہ موثرطور پر نہیں پہنچاسکا، 1971 میں ڈھاکا میں بین الاقوامی میڈیا پر پابندی لگاکر بہت بڑی غلطی کی، جس کے نتیجے میں بھارت کا بیانیہ مقبول ہوگیا اور پاکستان کا موقف سامنے نہیں آیا.
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی ہم نے یہی غلطی دہرائی، ان پالیسیز سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا، مگر اب ہم نے پاکستان کو سیکیورٹی اسٹیٹ کی بجائے کھلی ریاست بنانا ہے اور بین الاقوامی میڈیا کو بلانا ہے۔