بٹگرام، تورغر میں ‘این ٹی ایس’ پرچہ امتحان سے قبل آؤٹ ہوگیا
- February 13, 2018 11:39 pm PST

پشاور: ضلع تورغر اور بٹگرام میں اساتذہ کی آسامیوں کےلئے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے ہونے والے پرچوں کا امتحان سے قبل ہی آؤٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ تعلیم کے ایک اہلکار کی جانب سے پرچہ آؤٹ کرنے کےلئے امیدواروں سے ایک لاکھ سے 2 لاکھ روپے تک کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
متعدد امیدواروں کی جانب سے شکایت آنے کے بعد انہوں نے محکمہ تعلیم کے مذکورہ اہلکار کے ساتھ موبائل فون کے ذریعے خود کو امیدوار ظاہر کرکے بات کی جس کی ریکارڈنگ بھی کی گئی ہے۔
ظہور احمد جو کہ گورنمنٹ ہائی سکول شیرپور لوئیر پکھل میں کلرک ہے نے این ٹی ایس پیپر آؤٹ کرنے کیلئے دو لاکھ روپے کا ڈیمانڈ کیا اور گارنٹی بھی لی کہ اگر پیپر درست نہ ہوا تو امیدوار کو پیسے واپس دیئے جائیں گے اور پیسے بنک آن لائن کے زریعے بھیجنے یا کسی کے ہاتھ بھیجنے کی ہدایت کی گئی۔
محکمہ تعلیم کے ملازم ظہور کی ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ریکارڈنگ منظر عام پر آنے کے بعد خفیہ اداروں نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ بٹگرام کے امیدواروں نے پرچہ جات آؤٹ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور شدید احتجاج بھی کیا اور ڈائریکٹر ایجوکیشن اور دیگر حکام سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔