جامعہ کراچی: دو سالہ بی اے، ایم اے ڈگری ختم کرنے پر اجلاس طلب
- August 29, 2017 1:06 pm PST
کراچی
کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اکیڈمک کونسل کا اجلاس کل بروز بدھ طلب کیا ہے جس میں یونیورسٹی کے تحت جاری دو سالہ بی اے اور ایم اے ڈگری ختم کرنے پر بحث ہوگی۔
اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیسٹنگ کونسل کے تحت داخلے کرنے کی پالیسی کا ایجنڈا بھی رکھا گیا ہے جس پر یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسرز سے رائے لی جائے گی۔ کونسل میں دو سالہ ڈگری پروگرام کو ختم کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان میں دو سالہ بی اے، ایم اے ڈگری ختم
ایچ ای سی پاکستان نے یونیورسٹیوں سے دو سالہ ڈگری پروگرامز کو بند کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں اور 2019ء کے بعد یہ ڈگریاں مکمل طور پر بند کر دی جائیں گی۔
اکیڈمک کونسل میں یہ تجویز رکھی جائے گی کہ دو سالہ بی اے پروگرام میں زیر تعلیم طلباء کو بی ایس آنرز پروگرام میں کیسے شامل کیا جاسکتا ہے؟
اس کے لیے یہ تجویز رکھی گئی ہے کہ دو سال مکمل ہونے کے بعد اضافی کورسز پاس کرکے بی ایس آنرز پانچویں سمیسٹر میں داخل کر لیا جائے۔ کراچی یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل میں اس معاملے پر حتمی فیصلہ کل کیا جائے گا۔