50 ہزار روپے میں فضائی آلودگی ماپنے کا آلہ ایجاد
- January 15, 2019 7:11 pm PST

ویب ڈیسک: انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کانپور نے فضائی آلودگی ماپنے والا آلہ ایجاد کر لیا ہے، یہ آلہ فضاء میں مضر صحت گیسوں کی پیمائش میں مدد دے گا، جن میں اوزون، نائٹروجن آکسائیڈ شامل ہیں.
فضائی آلودگی ماپنے کے آلہ کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک کروڑ روپے زائد ہے جبکہ بھارتی سائنسدانوں نے صرف پچاس ہزار روپے میں یہ سینسر تیار کیا ہے جس پر تجربہ رواں سال جون میں مکمل کیا جائے گا.
فضائی آلودگی ماپنے کا یہ آلہ کامیاب ہو گیا تو اسے بھارت کے 150 شہروں میں نصب کیا جائے گا.
انڈیا ٹوڈے اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق اس آلودگی کے باعث دُنیا بھر میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد موت کا شکار ہوئے. انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کانپور ایسوسی ایشن کے صدر پرادیب بھرگوا نے کہا ہے کہ اس پراجیکٹ کے دوسرے فیز میں سنگا پور، جاپان، چین اور متحدہ عرب امارات کو بھی شامل کیا جائے گا.
آلہ کی تیاری بھارت نے امریکہ کے ساتھ مشترکہ پراجیکٹ کے تحت کی ہے جبکہ سرکار کے ڈیپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس منصوبے کے لیے 6 کروڑ روپے کے فنڈز بھی فراہم کیے.