ورلڈ بینک فنڈنگ سے ایچ ای سی نے بی ایس آنرز کا نصاب تبدیل کر دیا
- July 15, 2020 12:43 pm PST
اسلام آباد:آمنہ مسعود
ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی طرف قابلیت پر مبنی نصاب تعلیم رائج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نصاب کی تیاری کے لیے ایک ہزار سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکالمہ کیا گیا۔ نیا نصاب ملک بھر کی جامعات سمیت الحاق شدہ کالجوں میں بھی رائج ہوگا۔
پاکستان میں انڈرگریجویٹ تعلیم کے متعدد اور معروف تنقیدی نکات پائے جاتے ہیںجو کہ خصوصاََ ملازمت دہندگان اور داخلہ کمیٹیوں کی طرف سے اٹھائے جاتے ہیں۔ پُرانا نصاب طلباءکو اکیسویں صدی میں مطلوب لازمی صلاحیتیں جیسے تخلیقی سوچ، مﺅثر ابلاغ، مسائل کے حل کی صلاحیت ، عددی تجزیہ ، ٹیم کی تشکیل اور تحقیقی طریقہ کارکی صلاحیت فراہم نہیں کرتا۔
اس نصاب کامقصد تعلیمی عنصر عمومیت اور خصوصیت میں توازن قائم کرنا ہے۔ اول سمیسٹروں میں ہر طالب علم کے لیے انسانی علوم کے اہم ترین شعبے یعنی آرٹس، ہیومینٹیز، نیچرل سائنسز، سوشل سائنسز، کوانٹی ٹیٹیو ریزننگ ، اور ایکسپوزٹری رائٹنگ میں جنرل ایجوکیشن کے کورسزاور پاکستان اسٹڈیز اور اسلامک اسٹڈیز کے کورسزکی تکمیل لازمی ہے ۔
طلباءکو ایک میجر یا ڈبل میجرز کے علاوہ ایک یا دو مائنرز سمیت ایک میجر میں گریجویشن کے حوالے سے بھی لچک کی سہولت دستیاب ہو گی۔
نئے نصاب میں عملی تجربے کو گریجویشن کی لازمی ضرورت قرار دیا گیا ہے۔ سب طلباءکے لیے انٹرن شپ کرنا لازمی ہوگی اور اضافی صلاحیتوں جیسے انٹر پری نیورشپ ، بزنس ڈیویلپمنٹ وغیرہ کا انتخاب کرنا بھی ضروری ہوگا۔ اگرچہ عملی کام کا طلباءکے ریکارڈ میں جانچا اور شامل کیا جائے گا تاہم اس کی باقاعدہ کریڈٹ ریکوائرمنٹس نہیں ہوں گی۔
نئے انڈرگریجویٹ پروگراموں میں طلباءکے لیے ایک ڈگری پروگرام سے دوسرے کی طرف منتقلی ممکن ہوگی۔پیشہ ورانہ ڈگری پروگرام میں داخلہ لینے والے طالب علم جنرل ڈگری پروگرام میں بھی منتقل ہوسکیں گے۔ انڈرگریجویٹ تعلیم کے معیار کو محض نصاب کی تشکیل نو کے ذریعے بہتر نہیں بنایا جاسکتا۔
عالمی بینک کی طرف سے ہائیر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ ان پاکستان پروگرام کے تحت انڈرگریجویٹ نصاب کے آغاز کے لیے جزوی معاونت فراہم کی جاچکی ہے۔ ایچ ای سی ورلڈ بینک کی اس پانچ سالہ پروگرام پر عمل درآمد کررہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد معیشت کے تزویراتی شعبہ جات میں تحقیقی سبقت، تدریس اور سیکھنے کے عمل میں بہتری، اور اعلٰی تعلیم کی گورننس کی مضبوطی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
ایچ ای سی کا پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن ریفارم یونٹ اس پروگام کے تحت تدریس اور سیکھنے کے عمل کے عوامل کی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہے۔