پاکستان میں گریجویٹس کو ایکوالینس ڈگری دینے کی پالیسی تبدیل
- June 23, 2021 2:19 pm PST

جویریہ مشتاق، اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن پاکستان نے غیر ملکی گریجویٹس پر چیک اینڈ بیلنس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، ایچ ای سی نے بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے لاء گریجویٹس کی ڈگریوں کی ایکوالینس کی نئی پالیسی نافذ کر دی ہے۔
ایچ ای سی کی نئی پالیسی کے مطابق لاء گریجویٹس کو ایکوالینس ڈگری حاصل کرنے کے لیے امتحان پاس کرنا ہوگا اس امتحان کا انعقاد ایچ ای سی کے تحت کیا جائے گا۔
ایچ ای سی کی نئی پالیسی کے مطابق غیر ملکی یونیورسٹیوں سے لاء کی ڈگریاں لینے والے طلباء کو ایکوالینس امتحان پاس کرنا ہوگا، ایکوالینس امتحان میں فیل ہونے والے طلباء کو مساویت کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
ایچ ای سی نے پہلی بار لاء ڈگریوں کی ایکوالینس بذریعہ امتحان دینے کی پالیسی رائج کر دی ہے اس ضمن میں ایچ ای سی کی ویب سائیٹ پر تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق ایکوالینس امتحان پاس کرنے والے طلباء کو لاء گریجویٹ ایسسمنٹ امتحان بھی پاس کرنا ہوگا۔
یہ دونوں امتحان پاس کرنے والے گریجویٹس کو قانون کی پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی جس سے پہلے انھیں بار کونسل کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا ہوگا۔ ایکوالینس امتحان کے لیے کمیشن نے نصاب تشکیل دے دیا ہے۔ ایچ ای سی مستقبل میں دیگر ڈگریوں کی ایکوالینس کے لیے بھی امتحانی پالیسی نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔