اسلام آباد میں سائنس و ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کیلئے تیاریاں مکمل
- February 12, 2019 12:19 pm PST
نیوز ڈیسک: وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے دارالحکومت اسلام آباد میں سائنس و ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کے لیےمنصوبے کو حتمی شکل دے دی جس کے لیے حکومت نے فنڈ بھی مختص کرلیا ہے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق سائنس وٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کا مقصد طلبا کو سائٹنفک ریسرچ کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزارت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ یہ پارک وفاقی دارالحکومت میں کامسٹیس یونیورسٹی اسلام آباد کے تعاون سے تعمیر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کرلیے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ منصوبے کی فزبیلٹی رپورٹ ایک معروف کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے سیکٹر ڈاکٹر راحیل قمر کا کہنا تھا کہ سائنس و ٹیکنالوجی پارک کا مقصد طلبا میں سائنٹفک تعلیم کو فروغ دینا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پارک کی تعمیر سے سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق تعلیم میں مدد ملے گی اور اس کے ذریعے ملک بھر میں انٹرپینورشپ میں اضافے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے طلبا کو سائنس سے متعلق تازہ ترین سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر ہوں گی۔
کامیسٹس کے ریکٹر نے مزید کہا کہ منصوبے پر کام جلد شروع ہوگا کیونکہ اس کی فزبیلیٹی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا ستمبر 2018 میں ایک اجلاس ہوا تھا جس میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر طارق بنوری، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود اور ڈاکٹر عطا الرحمٰن سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی تھی۔
اجلاس میں سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم عام کرنے کے کئی منصوبوں پر غور کیا گیا تھا اور ایک منصوبہ بھی پیش کیا گیا کہ وزیراعظم ہاؤس کو ہائی ایجوکیشن کمیشن کے سپرد کر کے وہاں ایک اعلی ریسرچ سینٹر قائم کیا جائے۔