گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا 42 سالہ پروفیسر کا قتل کیسے ہوا؟

  • February 14, 2018 3:51 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر چیمہ کو موٹر سائیکل سواروں نے کلمہ چوک پر چار گولیاں ماریں جس کے بعد اُنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کی ابتدائی انکوائری کے مطابق رات نو بجے کے دوران مقتول پروفیسر کلمہ چوک سے گزر رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی روک کر تین گولیاں ٹانکوں میں ماری جس کے بعد اُنہیں ایک گولی سینے میں ماری گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سواروں نے اپنے چہرے چھپا رکھے تھے تاہم پولیس حکام کی جانب سے سیف سٹی پراجیکٹ کے نصب کیے گئے کیمروں کی مدد سے فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ڈاکٹر چیمہ شعبہ باٹنی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور یونیورسٹی کی بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے انچارج بھی تھے۔ ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ نے 2004ء میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے شعبہ باٹنی کو بطور لیکچرر جوائن کیا تھا۔ دو ہزار چودہ میں اسسٹنٹ پروفیسر اور جنوری 2018ء میں اُنہوں نے ایسوسی ایٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی حاصل کی۔

ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ نے ایشین انسٹیٹیوٹ اآف ٹیکنالوجی بنکاک سے 2012ء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی تھی جبکہ 2002ء میں قائد اعظم یوینورسٹی اسلام آباد سے ایم فل اور 1999ء میں گورنمنٹ کالج سے ہی شعبہ باٹنی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔

ضرور پڑھیں؛ پنجاب یونیورسٹی کی خاتون سائنسدان پروفیسر طاہرہ ملک قتل

ڈاکٹر تنظیم اکبر چیمہ نے فیصل آباد بورڈ سے 1991ء میں میڑک، 1993ء میں پری میڈیکل کے ساتھ ایف ایس سی اور 1996ء میں پنجاب یونیورسٹی سے باٹنی، زوالوجی اور کیمسٹری مضمون کے ساتھ بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی تھی۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کی ہدایات پر یونیورسٹی میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور تمام تقریبات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب یونیورسٹی کی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حامد مختار کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اے ایس اے نے مطالبہ کیا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور لاہور میں لاقانونیت پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ پروفیسرز کی زندگیاں محفوظ ہوسکیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published.