پنجاب یونیورسٹی کی خاتون سائنسدان پروفیسر طاہرہ ملک قتل

  • April 18, 2017 1:06 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر طاہرہ ملک کو یونیورسٹی کی رہائشی کالونی میں تیز دھار آلے کے استعمال سے قتل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پروفیسر طاہرہ ملک کو صبح قتل کیا گیااور اُن کے کمرے سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کی رہائشی کالونی کے ای بلاک کے گھر نمبر 51 میں رہائش پذیر پروفیسر طاہرہ ملک کی نعش کا ابتدائی پوسٹمارٹم پنجاب فرانزک ایجنسی نے مکمل کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جارہی ہیں جس کے لیے یونیورسٹی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق طاہرہ ملک کی بیٹی علینہ رات بھر فون کرتی رہی لیکن طاہرہ ملک نے فون کال نہیں لی جس پر علینہ نے ہمسائے پروفیسر کے گھر فون کر کے مطلع کیا جس کے بعد یونیورسٹی کے گارڈز نے صبح دس بجے پروفیسر کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے جہاں طاہرہ ملک کی نعش خون آلودہ پڑی ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ گھر میں کوئی ڈکیتی اور مزاحمت کے آثار نہیں ملے تاہم اُن کے قتل میں کوئی قریبی شخص ملوث ہونے کا شبہ ہوسکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ یونیورسٹی انتظامیہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

اطلاعات کے مطابق پروفیسر طاہرہ ملک اپنے خاوند کے انتقال کے بعد یونیورسٹی میں کئی سالوں سے اکیلی رہائش پذیر تھیں اور اُن کی اکلوتی بیٹی کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خاتون پروفیسر کا تعلق احمدی مسلک سے تھا اور اندیشہ ہے کہ اسی بناء پر اُنہیں قتل کیا گیا تاہم پولیس نے اس معاملے پر کوئی ٹھوس موقف نہیں دیا۔

تفصیل کے مطابق طاہرہ ملک پنجاب یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف مائیکرو بائیولوجی اینڈ مالیکیولر جینیٹکس سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر ریٹائرڈ ہونے کے بعد کنٹریکٹ پر تعینات تھیں۔

پروفیسر طاہرہ ملک نے پنجاب یونیورسٹی کے سنٹر آف ایکسی لینس ان مالیکیولر بائیولوجی میں 1984ء سے بطور ریسرچ سکالر کام کا آغاز کیا تھا اور پھر اسی ادارے میں ہی 1986ء میں لیکچرر ہوئیں۔

وہ 1986ء سے لے کر دو ہزار تک پنجاب یونیورسٹی کے اسی ادارے میں ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کو پڑھانے کے فرائض انجام دیتی رہی ہیں اور بعد ازاں پنجاب یونیورسٹی کے ایم ایم جی ڈیپارٹمنٹ کو جوائن کر لیا جہاں سے وہ پندرہ اگست 2016ء کو بطور اسسٹنٹ پروفیسر ریٹائرڈ ہوگئیں۔

اُن کی ریٹائرمنٹ کے بعد اُنہیں مذکورہ ڈیپارٹمنٹ میں ہی کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا۔

پروفیسر طاہرہ ملک نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی 1978ء میں بی ایس سی کی اور پھر ایگری کلچر یونیورسٹی فیصل آباد سے 1981ء میں ایم ایس سی کی۔ بعد ازاں یو ایس ایڈ کی سکالر شپ پر 1990ء میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے ایم ایس کی ڈگری حاصل کی۔

پروفیسر طاہرہ ملک باٹنی اور پلانٹ سائنسز کی ماہر تھیں اور اُنہوں نے عالمی سطح پر بے شمار سائنسی پراجیکٹس بھی مکمل کیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *