مقالہ میں چربہ سازی، ایگزیکٹو ڈائیریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ارشد علی مستعفی
- October 22, 2018 11:21 pm PST

اسلام آباد: آمنہ مسعود
ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر ڈاکتر ارشد علی مستعفی ہوگئے ہیں، ڈاکٹر ارشد علی نے چربہ سازی الزامات پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر ڈاکٹر ارشد علی کا استعفیٰ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے منظور کر لیا ہے۔
ڈاکٹر ارشد علی پر الزام تھا کہ انھوں نے تحقیقی مقالہ جات میں چربہ سازی کی ہے جس پر چیئرمین کی جانب سے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ ایچ ای سی ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر ارشد علی کی چربہ سازی ثابت ہوگئی تھی انھوں نے کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
ڈاکٹر ارشد علی کے استعفیٰ کے بعد چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے ایچ ای سی سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چربہ سازی سے متعلق پالیسی کو مزید سخت کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی نے چربہ سازی کے الزامات کی بنیاد پر اپنا استعفی پیش کیا۔
ڈاکٹر طارق بنوری کا کہنا تھا اگرچہ انھوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ تاہم ان کااستعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ارشد علی نے معاملہ کو طول نہ دینے اورادارہ کو مزید تنازعات سے بچانے کے لیے یہ قربانی دی ہے ، جسے کمیشن کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
انھوں نے میڈیا کے نمائندگان کو بتایا کہ کمیشن نے ڈاکٹر ارشد علی سمیت تمام ہائی پروفائل چربہ سازی کے کیسز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ڈاکٹر بنوری نے بتایا کمیشن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو چربہ سازی کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنے اور پالیسی میں موجود خامیوں اور کوتاہیوں کو دور کرنے کا کہا ہے۔
چیئرمین ایچ ای سی نے مزید کہا کہ پالیسی پر نظر ثانی کرنے کا بنیادی مقصد چربہ سازی کرنے والوں کو سزا دلوانا اور بے قصور لوگوں کو نشانہ بننے سے بچانا ہے۔
سابق ریکٹرنیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد اصغر جو کہ کمیشن کے رکن بھی ہیں، کو عبوری دور کے لیے قائمقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے ،جس کے لیے کمیشن سے منظوری لی جائے گی۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے مستقل بنیادوں پر اشتہار بھی دیا جائے گا۔