پختونخوا: میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے میرٹ لسٹیں روک دی گئیں
- October 18, 2018 10:53 pm PST
پختونخوا: پشاور ہائی کورٹ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے منعقدہ انٹری ٹسٹ کی بنیاد پر میرٹ لسٹ جاری کرنے کے متعلق حکم امتناعی جاری کردیا۔
پشاور ہائی کورٹ نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو میرٹ لسٹ جاری نہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئےایٹا کے ذریعے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس کی سماعت آج ہوئی۔
سماعت کے موقع پر میڈیکل انٹری ٹسٹ پرچہ چیک کرنے والے پروفیسرز ، ایگزیکٹیوڈائریکٹر ایٹا ، نیب اور ایف آئی اے کے حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے یونیورسٹی آف پشاور کے قابل اور تجربہ کار پروفیسرز سے پیپر کراس چیک کرنے کے احکامات جاری کردیئے
سماعت کے دوران عدالت نے انگلش پیپر کی تیاری اور چیک کرنے والے پروفیسرز کی گارگردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا اور عدالت نے ان پروفیسرز کو ایٹا پیپر تیار کرنے والے پینل سے الگ کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔